کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا اگلا ہدف سندھ ہے ‘چیئرمین کی جانب سے سندھ کا دورہ جلد متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جنرل الیکشن سے پہلے پورے سندھ میں جلسہ کرے گا‘میری ذاتی رائے یہ ہے کہ ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے صلح کرنی چاہے‘ خان صاحب مجھے اس موڈ میں نظر نہیں آئے۔
پیر کو ایک ٹی وی انٹرویو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مجھے ڈر نہیں تھا مگر ان کا یہ خیال تھا کہ عوام کی قوت کی وجہ سے وہ اپنا اثر نہیں دکھا سکے‘حکومت سمیت سب نے اپنا زور لگایا ہے مگر وہ کامیاب نہ ہوسکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کور کمیٹی میں کچھ لوگوں نے کہا کہ وہ رات کو پیچھے ہوگئے تھے وہ سب لوگ‘کچھ نے کہا نہیں یہ ہوا ہے۔ خان صاحب کا کہنا ہے کہ کوشش کی مگر کامیاب نہ ہوسکے‘ عمران خان کو معلوم ہے کہ اگر پنجاب میں پرویزالٰہی کو بنانا ہے تو کتنے عرصہ تک بنانا ہے!۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو کسی کی محتاجی پسند نہیں‘ اسے دو تہائی اکثریت چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اکتوبر میں الیکشن نظر آرہے ہیں۔ نومبر کی تعیناتی نیا وزیراعظم کرے گا اس وقت جو بھی ہوگا۔
شیخ رشید نے کہا کہ اب لوگ بہت زیادہ آگے نکل چکے ہیں۔ آج ہم پیک پر ہیں ضروری نہیں کہ ہم پیک پر رہیں ہمیں نیچے بھی گرا سکتے ہیں۔ جس کی جیب میں ٹیلی فون ہے وہ سمجھتا ہے میرے پاس گن ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کو گراؤنڈ کی ریلیٹی سوچنی چاہیے کیونکہ امریکن بیانیہ کے بعد کے پی ان کی جیب کی گھڑی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے اسٹیبلشمنٹ کو پہلے کہہ دیا کہ مجھے کسی امتحان میں نہ ڈالنا۔ میں نے وقت سے پہلے کہہ دیا کہ اگر آپ کے فاصلے بڑھ گئے تو میرا نام عمران خان کے ساتھ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب نے کہا ہے کہ ہم نے اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بات نہیں کرنی ہے۔ الیکشن کی تیاری کرنی ہے۔ ابھی تک کے تحریک انصاف کے لائحہ عمل کے مطابق تھوڑے عرصہ کے لئے وزیراعلیٰ ہو۔ میں ٹاپ کی اسٹیبلشمنٹ کی بات کررہا ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ الیکشن چینج آیا ہے مجھے میسج آنا شروع ہوگئے۔ اب خان صاحب نے فیصلہ کرنا ہے کب الیکشن کی تاریخ دینی ہے۔ خان صاحب نے تن تنہا تمام پارٹیز اور قوتوں کو شکست دی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں نواز شریف کی واپسی بالکل نہیں دیکھ رہا ہوں۔ ایم کیو ایم ایک مسائل زدہ، پڑھے لکھے لوگوں کی جماعت ہے، کراچی میں ان کا ستیا نا س ہوگیا ہے۔ اگلے 45 دن میں اکتوبر نومبر میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوسکتا ہے۔
دریں اثناء شیخ رشید نے کہا ہے کہ کیس ختم پیسہ ہضم،آصف زرداری نے (ن) لیگ کوختم کردیا‘(ن)لیگ کا لکشمی چوک میں سیاسی جنازہ نکلا ہے‘ مولانافضل الرحمان آئیں (ن) لیگ کے قل پڑھائیں، قوم نے غیرملکی سازش کو بلے سے پھینٹا۔
ان کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن سے اسٹیبلشمنٹ کو عزت ملی ‘میں نے اتنی گھٹیا تھرڈ گریڈ حکومت کبھی نہیں دیکھی‘شہباز شریف اب سی ڈی اے کا وزیراعظم رہ گیا ہے‘اب کوئی حل نہیں شہباز شریف اسی ہفتے اسمبلی توڑیں، نگراں حکومت بنائی جائے اور الیکشن کا اعلان کیاجائے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا 15جولائی سے 30 اگست ملک کے اہم فیصلے ہوجائیں گے، منشیات فروش وزیرداخلہ کو کوئی شخص سلیوٹ مارنا بھی پسند نہیں کرتا‘اداروں نے غیر جانبدارانہ صاف اور شفاف الیکشن کی بنیاد رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں گھٹیا لوگوں سے انتقام نہیں لینا چاہیے بلکہ تکبر اور غرور سے دور اور عاجزی سے رہنا ہے‘پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اجلاس میں 22 تاریخ کو پنجاب میں حکومت بنانے کا فیصلہ ہوا ہے‘ پرویز الٰہی وزیراعلی ٰپنجاب کے امیدوار ہوں گے۔
پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عوام کی خوشی اسی میں تھی کہ اسٹیبلشمنٹ اپنا کام اور سیاستدان اپنا کام کریں‘لاہور میں ان کو سیاسی طور پر ذبح کردیا گیا، شہباز شریف کی حکومت 2 ووٹ پر کھڑی ہے، اب اسمبلیاں توڑ دیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ اوورسیز کو ووٹ کا حق دلانے کیلئے سپریم کورٹ جا رہا ہوں، غیرملکی سازش ہوئی تو انہوں نے سمجھا عمران خان گھر چلا جائے گا، عمران خان ان سب کو گھر بھیج کر جائے گا۔