• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں ظالمانہ سرمایہ دارانہ و جاگیردارانہ نظام نافذ ہے، سراج الحق

کراچی/ٹھٹھہ (اسٹاف ر پو ر ٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اس وقت پورے ملک میں ظالمانہ سرمایہ دارانہ و جاگیردارانہ نظام نافذ ہے جسکی وجہ سے مہنگائی کا طوفان اور غریب آدمی دووقت کی روٹی کیلئے بھی سخت پریشان ہے، جماعت اسلامی اللّٰہ کی زمین پر اللّٰہ کے نظام کا نفاذ چاہتی ہے، ہم خلافت کا نظام اسلامی حکومت چاہتے ہیں، مرحوم محمد اسماعیل گندرو نے بھی آخری دم تک اسی مشن کو جاری رکھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھٹھہ کے قریب مقام سونڈا میں سابق امیر ضلع محمد اسماعیل گندرو کی وفات پر تعزیت کے بعد اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ مرکزی نائب امیر و سابق ایم این اے اسد اللّٰہ بھٹو ، سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، امیر ضلع الطاف احمد ملاح، ڈاڈا آدم گندرو نے بھی خطاب کیا۔صوبائی رہنما مولانا آفتاب ملک، سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا ، ٹھٹھہ کے امیر عبداللہ آدم، سونڈا یوسی چیئرمین امیدوار محمد اسماعیل سمیت معززین علاقہ مقامی کارکنان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو نے کہاکہ مرحوم محمد اسماعیل سراپا جماعت اسلامی تھے۔امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاکہ یہ گھرانہ ہمیشہ تحریک کا مرکز و محور رہا ہے، مرحوم نے اپنی پوری زندگی اقامت دین کے جدوجہد میں وقف کر رکھی تھی۔ ٹھٹھہ کسی وقت کراچی نظم کا حصہ تھا تو مرحوم کی دعوتی و تحریکی کارکردگی مثالی رہی۔
اہم خبریں سے مزید