اسلام آباد (نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن نے پنجاب کے ضمنی الیکشن اورعام انتخابات کے بارے میں ایڈیشنل سیکرٹری ریاست علی گوندل کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ ایک شخص کی ذاتی رائے ہے سپریم کورٹ بار کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے ، سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے سیکر ٹری وسیم ممتاز ملک نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں ایڈیشنل سیکرٹری سے منسوب بیان سے لاتعلقی کا اظہار کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ بار کی جانب سے اعلامیہ صدر ،سیکرٹری اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے درمیان مشاورت کے بعد جاری ہوتاہے اسلئے واضح کیا جاتاہے کہ بار نے وفاقی حکومت کے جواز پر سوالات اٹھانے سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے ،یہ ایک شخص کی ذاتی رائے ہے ایک مخصوص سیاسی جماعت کے ایجنڈے کیلئے اسکی حمایت میں جاری ایک شخص کا ذاتی بیان ہے جس سے بار کا کوئی تعلق نہیں ہے ، بار آئین کی بالادستی،قانون کی حکمرانی اور اداروں کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور سمجھتی ہے کہ سیاسی مسائل کا حل آئین کی تابعداری میں ہے ۔