راولپنڈی(نمائندہ جنگ)قیام پاکستان کے وقت بھارت نقل مکانی کر جانیوالی 90 سالہ بھارتی خاتون رینا ورما گزشتہ روز راولپنڈی میں اپنے آبائی گھر کادورہ کیا، ڈی اے وی کالج روڈ پر گلی نمبر سات میں واقع آبائی گھر پہنچنے پراہلیان علاقہ نے انکا پرتپاک استقبال کیااور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے رینا ورما کو خوش آمدید کہا، وینا ورما 75 سال بعد اپنے گھر داخل ہونے پر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اورگھر داخل ہوتے ہی گھر کی بالکونی اور دیواروں کیساتھ لپٹ کرآبدیدہ ہو گئی، رینا ورما کا خاندان قیام پاکستان کے وقت بھارت نقل مکانی کرگیا تھا، پاکستان سے بھارت ہجرت کے وقت انکی عمر15 سال تھی ، رینا ورما نے 2 سال قبل راولپنڈی آنے کی خواہش کی تھی جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعے رینا ورما کا اپنی جنم بھومی دیکھنے کا خواب پورا ہوگیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے آ بائی گھر آکر بہت اچھا لگا میرا پرانا خواب تھاجو یہاں آ کر حقیقت میں بدل گیا سب لوگوں نے بالخصوص میڈیا نے بہت ساتھ دیا، یہ گھر میرے والد نے بہت محنت سے بنایاتھا ہم چار بہن بھائی تھے ابھی تک گھر ویسا ہی ہے یہاں جو لوگ رہتے ہیں وہ بہت پیار کرنیوالے ہیں انہوں نے مجھے بہت پیار دیا، انہوں نے کہا کہ انسانیت کے بارے میں سوچیں اور انسانیت کو اوپر رکھیں، سب کوعزت دو نئی نسل کو پیار کا پیغام دیں سارے دھرم انسانیت کیلئے ہیں۔