ویانا(اکرم باجوہ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور 1992 ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے رکن لیجنڈ کرکٹر پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ انضمام الحق اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق بو لنگ کوچ اور پشاور زلمی کے بولنگ کوچ محمد اکرم پشاور زلمی کرکٹ ٹیم کے لیے ٹیلنٹ کی تلاش کے سلسلہ میں انگلینڈ کے دورہ کے بعد ٹرائلز کے لیے یورپ بھر کے دورہ پر ہیں۔اس سلسلہ میں انضمام الحق اور محمد اکرم پشاور زلمی آسٹریا کے چیئرمین صلاح الدین آفریدی خان کی خصوصی دعوت پر پشاور زلمی گلوبل کے لیے ٹیلنٹ کی تلاش اور ٹرائلز کے سلسلہ میں ویانا کے دوروزہ دورہ پر ہیں۔ویانا سے تقریباً 30 کلومیٹر دور سی بارن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کے ٹرائلز کیے تقریباً ایک سو سے زیادہ بیٹس مینوں اور بولرز نے شرکت کی۔ کھلاڑیوں کے ٹرائلز کے موقع پر سفیرِ پاکستان آفتاب احمد کھوکھر ،پاکستان کرکٹ کلب آسٹریا کے جنرل سیکرٹری اور آسٹرین کرکٹ ٹیم کے مینجر خواجہ منظور احمد،ای یو پاک فیڈریشن یورپ آسٹریا کے صدر حاجی محمد ارشد باجوہ ،ڈاکٹر عقیل خان آفریدی اور آسٹریا میں مختلف کرکٹ کلبس کے نمائندگان اور کرکٹ کے شائقین بڑی تعداد میں موجود تھے۔بیٹس مینوں اور بالرز کے ٹرائلز کے بعد انضمام الحق نے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کی تعریف کی اور کہا کہ آپ کی کرکٹ کے ساتھ دلچسپی اس گرمی میں واضح نظر آرہی ہے ،انضمام الحق نے لڑکوں کو بیٹنگ کے ٹپس بھی دیئے اور کہا کہ اگر آپ نے کرکٹ میں اپنا نام پیدا کرنا ہے تو آپ کو ٹریننگ پر ہرحال میں توجہ دینا ہوگی اگر آپ ٹریننگ ریگولر کریں گے تو آپ کی فٹنس صحیح رہے گی ۔بولر کوچ محمد اکرم نے بھی بولنگ کوچ کے ٹپس بتائے اور کہا کہ آپ لوگوں میں ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے مگر مجھے معلوم ہے آپ کام بھی کرتے ہیں اور کرکٹ کے لیے وقت بھی نکالتے ہیں، اس سے آپ کی کرکٹ کے ساتھ لگن نظر آتی ہے،آپ سب باقاعدگی سے ٹریننگ کیا کریں آپ مزید محنت کریں آپ دیار غیر میں پاکستان کا نام روشن کریں گے ۔