اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ عمران خان نے مارچ میں دھوکے سے اسمبلی توڑنے کی کوشش کی‘مارچ میں جس طرح صدر‘وزیر اعظم اور ڈپٹی اسپیکر نے آئین شکنی کی لیکن انہیں تو کسی نے نہیں بلایا لیکن پنجاب کے ڈپٹی اسپیکر کو بلا لیا گیا‘عدل وانصاف نہیں ہوگا تو ملک آگے نہیں چل سکتا ‘میرے سینے میں کئی راز دفن ہیں‘مناسب وقت اورفورم آیاتوتمام راز بتاؤں گا جبکہ چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوکا کہنا تھاکہ 52ٹو بی صدر کے پاس نہیں، نئی 58ٹو بی عدالت کے پاس چلی گئی۔بدھ کو قومی اسمبلی سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ2014ءمیں پارلیمنٹ پر حملہ کیا گیا‘ سپریم کورٹ پر گندے کپڑے لٹکائے گئے، کسی نے نوٹس نہیں لیا‘پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے اورفسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گےکسی کے آگے نہیں جھکیں گے ،یہ گردن کٹ تو سکتی ہے مگر کسی کے سامنے جھک نہیں سکتی۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک میں انصاف کا دوہرا معیار نہیں ہونا چاہیے‘اگر ہم نے سچ کو سچ اور جھوٹ کو جھوٹ نہ کہا تو خدانخواستہ یہ ملک شدید مشکلات میں گھِر جائے گا‘ حالات مشکل ضرور ہیں لیکن ہم پاکستان کو عظیم بنائیں گے‘جب تک مجھ پر میرے قائد اور اتحادیوں کا اعتماد ہے میں کام کرتا رہوں گا۔ایوان زیریں میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوکا کہنا تھاکہ19ویں ترمیم منظور کرنا پیپلز پارٹی حکومت کی غلطی تھی، ہمیں دھمکی دی گئی کہ19ویں ترمیم پاس کرو ورنہ اٹھارہویں ترمیم کو اڑا کر رکھ دیں گے ، ہم دھمکی میں آگئے اور ترمیم پاس کرلی۔