• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چترال کے منتخب نمائندوں کا ضلع بھر میں طویل لوڈشیڈنگ پر اظہار تشویش

پشاور(جنگ نیوز)ضلع چترال کے منتخب نمائندوں نے پشاورالیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کی جانب سے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے ضلع بھر میں عوامی احتجاج کے باعث امن وامان کی صورتحال خراب ہونے کے خدشے پرصوبائی حکومت کوفوری طورپر مسئلے کے حل کے لئے اقدامات اٹھانے پرزوردیا ہے۔چترال میں بجلی کے ترسیلی نظام کوبہتربنانے کے لئے پختونخواانرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن(پیڈو) اورپیسکوکے درمیان معاہدوں پرعملدرآمد اور نئی ٹرانسمیشن لائن بچھاکرلوڈشیڈنگ کے مسئلے کو فوری حل کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار چترال سے تعلق رکھنے والے منتخب اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اورمقامی نمائندوں کے ایک وفد نے سیکرٹری توانائی وبرقیات سید امتیازحسین شاہ اور چیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرنعیم خان کے ساتھ بجلی کے درپیش مسائل کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت رکن قومی اسمبلی مولاناعبدالاکبرچترالی،صوبائی معاون خصوصی وزیرزادہ اوررکن صوبائی اسمبلی مولاناہدایت الرحمان کررہے تھے۔اجلاس میں سیکرٹری توانائی نے وفد کی جانب سے طویل لوڈشیڈنگ کے معاملے کی سنگینی کے بارے میں تشویش پر اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے ذریعے وفاقی حکومت سے چترال میں 32میگاواٹ گولین گول بجلی گھر سے رعایتی ٹیرف کی منظوری کے لئے درخواست کی ہے جیساکہ آزادکشمیرکے بجلی صارفین سے وصولی کی اجازت ہے جبکہ اس سلسلے میں پیسکو اورپاورڈویژن سے متعدد بارمٹینگ بھی کی گئی ہیں۔ایم این اے مولاناعبدالاکبرچترالی نے کہا کہ یہ تاثرپایاجاتاہے کہ علاقے میں لوڈشیڈنگ پیڈواورپیسکو کے درمیان معاہدے پر دستخط نہ ہونے کی وجہ ہے اور ادائیگیوں کا بھی معاملہ چل رہا ہے۔ سیکرٹری توانائی نے بتایا کہ پیڈونے پہلے ہی پیسکو کو آگا ہ کیاہے کہ وہ صارفین سے بلوں کی وصولی کے لئے تیارہے تاہم پیسکواپنے مقررہ نرخوں پر وصولی چاہتاہے جودبائوکا باعث ہے۔ اس سلسلے میں متعدد فورم پر کہا گیا ہے کہ چترال کے عوام پسماندہ ہیں اوراگرعوام پیسکوکے مقررہ نرخوں پر بجلی کی خریداری کے لئے راضی ہوجائے توصوبائی حکومت معاہدہ کرکے گولین گول اورریشون پاورہائوس کی بجلی بلاتعطل فراہم کی جاسکتی ہے۔انہوں نے چترال کے نمائندہ وفد سے کہا کہ وہ جرگہ بلاکرچترالی عوام کے سامنے مسئلے کا حل نکالیں۔ وفد نے بتایا کہ جلد ہی گرینڈ جرگہ بلاکراسکے نتائج کے بارے میں صوبائی حکومت کو آگاہ کیا جائے گا۔ایم این اے مولانا عبدالاکبرچترالی نے کہاکہ وہ چترال کے غریب عوام کے لئے جلد وزیراعظم پاکستان کے سامنے معاملہ اٹھاکرخصوصی پیکج منظورکرانے کے لئے کوشش کرینگے۔سیکرٹری توانائی اورچیف ایگزیکٹو پیڈونے وفد کو یقین دلایا کہ وہ جلدپیسکوکے ساتھ معاملے کو اٹھاکراس کا کوئی قابل عمل حل نکالیں گے اورچترال کا جلد دورہ کرکے مسائل کو حل کیا جائے گا۔
پشاور سے مزید