• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ کے مسائل اور ان کا حل

سوال: مسجد حرام میں نماز باجماعت کے دوران عورتیں بھی صف میں کھڑی ہوجاتی ہیں، حالاں کہ ان کے لیے مخصوص جگہ بھی ہوتی ہے، کیا جماعت کی نماز میں عورت کے ساتھ کھڑے ہونے سے مرد کی نماز نہیں ہوتی ؟ اور بعض اوقات نمازوں کے اوقات میں رکاوٹیں لگاکر کچھ مقامات عورتوں کے لیے خاص کردیے جاتے ہیں، تو اس کے پیچھے نماز پڑھنے سے نماز ادا ہوجاتی ہے؟

جواب : یہ مسئلہ نماز میں عورتوں کی محاذات کا مسئلہ کہلاتا ہے، اس کی تفصیل یہ ہے کہ اگر کوئی مرد کسی عورت کے دائیں بائیں یا پیچھے اس کی سیدھ میں نماز پڑھے اور وہاں درج ذیل شرائط پائی جائیں تو مرد کی نماز فاسد ہوجائے گی ، وہ شرائط یہ ہیں :

1- وہ عورت مشتہاۃ ہو، یعنی ہمبستری کے قابل ہو خواہ بالغ ہو یا نہ ہو، بڑھیا ہو یا محرم، سب کا حکم یہی ہے۔

2-دونوں نماز میں ہوں، یعنی ایسا نہ ہو کہ ایک نماز میں ہے اور دوسرا نماز میں نہیں ہے۔

3-مرد کی پنڈلی، ٹخنہ یا بدن کا کوئی بھی عضو عورت کے کسی عضو کے مقابلے میں آرہا ہو۔

4-یہ سامنا کم از کم ایک رکن (تین تسبیح پڑھنے کے بقدر) تک برقرار رہا ہو۔

5-یہ اشتراک مطلق نماز میں پایا جائے، یعنی نماز جنازہ کا یہ حکم نہیں ہے۔

6-دونوں کی نماز ایک ہی قسم کی ہو، یعنی مرد وعورت دونوں ایک ہی امام کی اقتداء میں نماز پڑھ رہے ہوں۔

7-تحریمہ دونوں کی ایک ہو، یعنی برابر نماز پڑھنے والی عورت نے برابر کے مرد کی اقتداء کی ہو یا دونوں نے کسی تیسرے آدمی کی اقتداء کی ہو

8-عورت میں نماز صحیح ہونے کی شرائط موجود ہوں، یعنی عورت پاگل یا ناپاکی کی حالت میں نہ ہو۔

9-مرد وعورت کے نماز پڑھنے کی جگہ سطح کے اعتبار سے برابر ہو، یعنی اگر سطح میں آدمی کے قد کے بقدر فرق ہو، تو محاذات کا حکم نہ ہوگا۔

10-دونوں کے درمیان کوئی حائل نہ ہو، یعنی دونوں کے درمیان کوئی پردہ ، سترہ یا ایک آدمی کے کھڑے ہونے کے بقدر فاصلہ نہ ہو۔

11-مرد نے اپنے قریب آکر کھڑی ہونے والی عورت کو اشارے سے وہاں کھڑے ہونے سے منع نہ کیا ہو، اگر اشارہ کیا ہو ،پھر بھی عورت مرد کے برابر میں کھڑی رہی، تواب مرد کی نماز فاسد نہ ہوگی ۔

12-اور امام نے مرد کے برابر میں کھڑی ہوئی عورت کی امامت کی نیت بھی کی ہو۔

اگر مذکورہ شرائط پائی جائیں تو ایک عورت کی وجہ سے تین مردوں ( دائیں بائیں جانب والے دو مردوں کی اور عورت کی سیدھ میں پیچھے ایک مرد) کی نماز فاسد ہوجائے گی۔

(…جاری ہے…)

اپنے دینی اور شرعی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔

masail@janggroup.com.pk