لوٹن(شہزاد علی) سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری رولنگ کیس میں چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دے کر حق و انصاف کا بول بالا کر دیا یہ تاریخ ساز فیصلہ ہے جس سے عدلیہ نے اپنے ماضی کے داغ بھی دھو دیئے، ہم چوہدری پرویز الٰہی کے وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کا خیرمقدم کرتے ہیں، اب پنجاب میں جلد حقیقی تعمیر و ترقی کا دور شروع ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار میرپور انٹرنیشنل موومنٹ کے چیئرمین حاجی چوہدری محمد قربان، پی ٹی آئی کشمیر لوٹن کے سابق جنرل سیکرٹری چوہدری شکیل رفیق تھوتھالوی، پی ٹی آئی رہنما چوہدری محمد امین پوٹھی، بری پارک ایشین بزنس کمیونٹی کے رہنما چوہدری عبدالغفار عرف پولہ، پی ٹی آئی کے چوہدری حاجی رحمت تھوتھالوی، چوہدری سرفراز تھوتھالوی چوہدری گلفراز تھوتھالوی، چوہدری خلیل احمد، چوہدری شاہ پال اور چوہدری عبدل رشید پوٹھہ بنگش کے علاوہ چوہدری رشید پہاڑی نے کیا، جبکہ سمروڑ کوٹلی سے پی ٹی آئی کے رہنما چوہدری رستم علی نے بھی عدلیہ کے فیصلے کا زبردست الفاظ میں خیرمقدم کیا اور اسے حق کی فتح سے تعبیر کیا۔ تفصیلات کے مطابق کوآرڈی نیٹر کشمیر سالیڈیریٹی کمپین لوٹن، میرپور انٹرنیشنل موومنٹ کے چیئرمین حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی کا وزیر اعلیٰ بننا حق اور انصاف کی فتح ہے، عدلیہ نے یہ فیصلہ جاری کرکے عوام کے بھاری مینڈیٹ کی لاج رکھ لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کی اپنی طاقت کے گڑھ، پنجاب میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے ہاتھوں بدترین شکست سے واضح ہو گیا کہ پاکستان اب تبدیلی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے اور وہ وقت اب زیادہ دور نہیں جب ایک بار پھر عمران خان وزیراعظم ہوں گے ۔پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت بننے سے روکنے کے لیے بھونڈا طریقہ اختیار کیا گیا ،سپریم کورٹ کے سابقہ فیصلہ کی من مانی تشریح کرکے ڈپٹی اسپیکر نے ملک بھر کے علاوہ اوور سیز پاکستانی کمیونٹی کے جذبات کو بھی سخت ٹھیس پہنچائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کا ڈرامہ رچا کر چوہدری پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ پنجاب بننے سے روکا گیا تھا یہ عوامی مینڈیٹ کی توہین تھی، میرپور انٹرنیشنل موومنٹ کے چیئرمین، کشمیر سالیڈیریٹی کمپیئن لوٹن کے کوآرڈنیٹیر، لوٹن اسلامک کلچرل سوسائٹی لوٹن سنٹرل ماسک کے موسٹ سنئیر عہدے دار حاجی چوہدری محمد قربان نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ پنجاب سے پی ٹی آئی کی حمایت میں عوامی لہر کا جو سیلاب نمودار ہوا ہے اب اس کا رخ بدلنا کسی کے بس کی بات نہیں۔ حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا شاید یہ پاکستان مسلم لیگ ن اور ان کے سرپرستوں کے کے خواب و خیال میں بھی نہیں تھا کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے جس پر اقتدار کا بلاشرکت غیر صرف ن لیگ اپنا حق سمجھتی تھی وہاں پر اس کا ایسا برا حشر ہوگا، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی تاریخ ساز فتح کے نتائج ملک بھر میں دور رس ہوں گے اور جلد اس تبدیلی کی ثمرات سے ملک بھر کے عوام مستفید ہوں گے۔ حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ عمران خان کی شاندار کامیابی کی بڑی وجہ گزشتہ انتخابات میں شکست کے بعد سے حزب اختلاف کے رہنمائوں کی تمام تر تگ و دو کا محور اپنی بدعنوانیوں کے مقدمات سے نجات حاصل کرنا رہا ہے، یہی وجہ تھی کہ یہ لوگ تحریک انصاف کے خلاف غیر پارلیمانی مہم چلائے ہوئے تھے مگر پنجاب کے باشعور عوام نے ووٹ کی طاقت سے ان سازشیوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کو عوام تین دہائیوں سے آزما چکے ہیں اب وہ تحریک انصاف کو موقع دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اوور سیز پاکستانی اور کشمیری صرف اور صرف انصاف کے لیے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز اور پی پی پی اور دیگر عمران خان مخالف جماعتوں کے لیڈرز صرف اپنی اپنی گردن بچانے کی فکر میں ہیں اور اپنی اپنی دولت بچانے کی آخر دم تک کوششوں میں لگے ہیں مگر یہ لوگ عوام کے تبدیل شدہ موڈ سے بے خبر دکھائی دیتے ہیں، یہی وہ ٹولہ ہے جن کے باعث ملکی کرنسی کی قدر تیزی سے گرنے لگی ہے، صرف تین ماہ کے اندریہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں 178 سے گر کر 270 کے قریب پہنچ گیا ہے، مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے اور عام آدمی کا جینا مشکل ہو گیاہے ۔حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ عمران خان نے ایک ان تھک اور تجربہ کار رہنما کی طرح ضمنی انتخابی مہم کو چلایا ہے اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا وہ چونکہ ہر بات عوام کے مفاد میں کرتے ہیں اسی لیے عوام نے ان کے بیانیہ کو بھرپور پذیرائی بخشی ہے، ان کے بیانیہ پر پنجاب کے عوام نے والہانہ ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے دوران ہم نے یہ بھی ملاحظہ کیا کہ عوام کا ایک سمندر عمران خان کے جلسوں میں شرکت کرتا رہا اور امڈتے ہوئے ہجوم کے سامنے جلسوں کی جگہیں کم پڑ نے لگیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ عمران خان سچائی، حق اور انصاف کا پرچم تھامے ہوئے ہیں، وہ کشمیر کی آزادی کے بھی علم بردار ہیں اور کشمیری عوام کے سفیر بھی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب جلد ہی مرکز میں بھی عوام کے مینڈیٹ کے مطابق عمران خان وزیر اعظم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو جلداز جلد عام انتخابات کا اعلان کر دینا چاہیے ورنہ پاکستان میں ایک بھرپور انقلاب کو روکا نہیں جاسکے گا ۔ پی ٹی آئی کے چوہدری شکیل رفیق تھوتھالوی، حاجی چوہدری محمد رحمت تھوتھالوی، چوہدری شاہ پال، چوہدری سرفراز تھوتھالوی ، چوہدری خلیل احمد، چوہدری گلفراز تھوتھالوی ، چوہدری محمد امین پوٹھی اور چوہدری عبدالغفار عرف پولہ، چوہدری عبدل رشید پوٹھہ بنگش کے علاوہ چوہدری رشید پہاڑی نے چوہدری پرویز الٰہی کے وزیر اعلیٰ بننے کا زبردست الفاظ میں خیرمقدم کیا۔ چوہدری محمد امین پوٹھی نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی اب ان کرپٹ پولیس اہلکاروں اور انتظامیہ کے بدعنوان عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کریں گے۔ جنہوں نے حالیہ عرصے میں پاکستان تحریک انصاف کے لوگوں کے ساتھ مبینہ طور پر حمزہ شہباز کے غیر قانونی احکامات پر ظلم اور زیادتیاں کیں، لوٹن کے معروف بزنس مین چوہدری عبدالغفار عرف پولہ نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے چوہدری پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ بحال کر کے آئین کو سر بلند کر دیا ہے۔