• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت ، ’’اڑتے تابوت‘‘ مگ 21 کو 2025 تک گراؤنڈ کردیگا

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت 2025 تک اپنے تمام ’مگ-21‘ لڑاکا طیارے گراؤنڈ کر دے گا، بھارتی اخبار نے بھارتی فضائیہ کے حکام کے حوالے سے مگ 21 طیاروں جنہیں اڑتا ہوا تابوت بھی کہا جاتا ہے کو گراؤنڈ کرنے کی رپورٹ شائع کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مگ-21 کا پہلا اسکواڈرن ستمبر میں ریٹائر کیا جائے گا جبکہ دیگر تین اسکوارڈن دو ہزار پچیس تک گرائونڈ کردیے جائیں گے۔ اسی طرح بھارتی میڈیا نے بتایا کہ بھارتی فضائیہ نے 2027 تک اپنے دیگر مگ 29 لڑاکا طیارے بھی گرائونڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم انڈین فضائیہ کا کہنا ہے کہ مگ طیارے گرائونڈ کرنے کے فیصلے کا راجھستان میں مگ 21 طیارے کے حادثے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 20 ماہ کے دوران بھارت میں 6 مگ 21 طیارے گر کر تباہ ہوئے جن میں سے ایک طیارہ رواں برس حادثے کا شکار ہوا۔ ان حادثوں میں 5 پائلٹس ہلاک ہوئے۔ تاہم 28 جولائی کو تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہونے والا مگ 21 طیارے کا حادثہ ماضی قریب میں پیش آنے والا مہلک ترین حادثہ تھا جس میں دو پائلٹس ہلاک ہوئے۔ بھارت میں مجموعی طور پر 60برس کے دوران 400سے زائد مگ 21طیارے حادثے کا شکار ہوئے جن میں 200سے زائد پائلٹس ہلاک ہوئے ۔ بھارتی فضائیہ کے پاس اس وقت تقریباً 70 مگ-21 طیارے موجود ہیں۔ بھارتی فضائیہ حالیہ سالوں میں مغربی ساختہ طیاروں کی خریداری میں مصروف رہی ہے۔ بھارت کی وزارت دفاع کے حکام نے خبر ایجنسی سے گفتگو میں بھارتی اخبار کی مگ-21 کو گراؤنڈ کرنے کی رپورٹ کی تصدیق یا تردید سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ مگ-21 کے مستقبل کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ ترجمان بھارتی وزارت دفاع نے مگ-21 گراؤنڈ کرنے کی بھارتی اخبار کی رپورٹ پر خبر ایجنسی کو ردعمل دینے سےگریز کیا ہے۔ بھارت میں دو دن قبل مگ-21 گر کر تباہ ہوا تھا جس میں موجود دونوں پائلٹس ہلاک ہوگئے تھے۔ خیال رہے کہ فروری 2019 میں پاک بھارت فضائی معرکے میں پاکستان ایئرفورس (پی اے ایف) کے ہوابازوں نے بھارتی ایئر فورس (آئی اے ایف) کا مگ-21 طیارہ مار گرایا تھا جس کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار بھی کرلیا گیا تھا۔ اسی طرح 1999 کی کارگل جنگ میں بھی پاکستانی فورسز نے بھارت کا مگ-21 طیارہ مار گرایا تھا۔ دوسری جانب 1971 سے اب تک بھارتی فضائیہ کے 400 سے زائد مگ-21 طیارے گر کر تباہ ہوچکے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید