پشاور(جنگ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان نصراﷲ خان کی زیر صدارت حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامات کے حوالے سے انکے دفتر میں اجلاس کا انعقادکیا گیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرڈیرہ محمد اقبال وزیر، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت محکمہ صحت، تعلیم، پولیس، لائیو سٹاک، ایگریکلچر،سول ڈیفنس، ایریگیشن، ٹی ایم اوز، ڈبلیو ایس ایس سی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کو شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں بالخصوص تحصیل پروآ اور تحصیل پہاڑپور سے ملحقہ گائوں میں سیلابی صورتحال اور اس سے نمٹنے سمیت حفاظتی اور امدادی کاروائیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ تحصیل پروآ میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے باعث 2 افراد جان بحق جبکہ تین زخمی ہوئے ۔اسی طرح 26مویشیوں کا نقصان ہوا۔ 83عدد گھر مکمل تباہ جبکہ 125گھر وں کو جزوی نقصان پہنچا۔ امدادی کاروائیوں کے دوران200خاندانوں کو گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول رمک سنٹر میں منتقل کر کے تحفظ فراہم کیا گیا۔اسی طرح متاثرہ افراد اور خاندانوں میں مختلف حفاظتی اور امدادی سامان بھی تقسیم کیا گیا جس میں 150عدد ٹینٹس، 150عدد میٹرس،500مچھر دانیاں اور خوراک اور ادویات شامل ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون کا مظاہرہ کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے بروقت اور بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں ریسکیو 1122کی جانب سے نمائندگی نہ ہونے پر ڈپٹی کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں تمام آفیسرز اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ایمرجنسی کنڑول روم کا قیام بھی عمل میں لایا گیا لہذا کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ایمرجنسی کنٹرل روم نمبر09669280421پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔