• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان، سیلاب سے تباہی جاری،7 ڈیم ٹوٹ گئے، سکھر بیراج سے مزید لاشیں برآمد

کوئٹہ ،لاہور،اسلام آباد،راولپنڈی (نمائندگان جنگ،خبرایجنسیاں) بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سےتباہی جاری ہے جہاں24گھنٹوں میں بچوں سمیت مزید 9افراد جاں بحق ہوگئے، جس کےبعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 136ہوگئی۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبے میں حب ڈیم سمیت 7ڈیم سیلابی پانی کی تاب نہ لاکر ٹوٹ چکے ہیں،ادھرسکھر بیراج سے اتوار کو مزید 4لاشیں جبکہ 24گھنٹوں کے دوران12لاشیں برآمدہوئی ہیں جس کے بعد13روز میں بیراج سے ملنے والی لاشوں کی مجموعی تعداد 24 ہوگئی۔ 

حافظ آباد، منکیرہ، اوکاڑہ،کمالیہ، اور گوجرہ میں ڈوب کر اور مکانات کی چھتیں گرنے سے3بچے اور 3خواتین جاں بحق ہوگئیں جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ 

لاہور سمیت کئی شہروں میں اتوار کی صبح سویرے بادل برس پڑے، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔راولپنڈی، جہلم، شیخوپورہ سمیت دیگر شہر وں میں بھی تمام دن بارش کا سلسلہ جاری رہاجس سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، گلیاں اور سڑکیں تالاب بن گئیں۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ24گھنٹوں کے دوران لاہور،شیخوپورہ،فیصل آباد،ساہیوال ،ڈی جی خان،نوالی، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرانوالہ، سرگودھا ،خوشاب سمیت پنجاب کے کئی شہروں میںموسلادھار بارش کا امکان جبکہ پی ڈی ایم اے نے راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ،قصور کےندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے جاری بیان کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری ہے، متاثرہ علاقوں سے ڈی واٹرنگ اور متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی کی جارہی ہے۔

پاکستان ریلویز لاہو ر ڈویژن نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر بلوچستان کے سیلاب زدہ متاثرین کیلئے لاہور سمیت 13ریلوے سٹیشنوں پر امدادی کیمپ قائم کر دیئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بارشوں سے 7 ڈیم ٹوٹ چکے ہیں، جبکہ متعدد ڈیم پانی سے بھر گئے ہیں، مون سون کی بارشوں سے دریائے سندھ میں بھی پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اہم خبریں سے مزید