اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں )چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے خیبر یونیورسٹی کی جانب سے اپیل کی سماعت میں ریمارکس دیئے ہیں کہ عدالت اداروں کی پشت پر کھڑی تھی، اس اقدام کے نتیجے میں شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کا انعقاد ہوا۔
پیر کو سپریم کورٹ میں درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ عدالت اداروں کا کام نہیں کرے گی، اداروں کا کام انہی سے کروائیں گے۔
تمام ادارے توازن سے چل رہے ہیں ، ہر وقت ملکی مفاد کو ترجیح دیتے ہیں،عدالت نے پنجاب کے حالیہ الیکشن میں بھی یہی کیا۔ عدالت نے کسی ادارے کے کام میں مداخلت نہیں کی۔
خیبر یونیورسٹی کی اپیل میں وکیل نے استدعا کی کہ عدالت طالبہ کو یونیورسٹی کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے، جس پر عدالت نے کہا کہ جرمانے عائد کرنا متعلقہ ادارے کا کام تھا، ہمارا نہیں۔ آپ خود سوئے رہے اور ہمیں کہہ رہے ہیں جاگ جائیں۔ عدالت نے خیبر یونیورسٹی کی اپیل خارج کردی۔