• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قانون کے مطابق ایکشن لے کر فتنے کو ہمیشہ کیلئے ختم کریں، نواز شریف

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) سابق وزیراعظم نواز شریف نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس پر الیکشن کمیشن کے فیصلے پر حکومت سےکہا ہے کہ قانون اور آئین کےمطابق ایکشن لے کر فتنےکی فتنہ بازی ہمیشہ کیلئے ختم کریں، وقت آئے گا جب ثاقب نثار کو سوالوں کا جواب دینا پڑے گا۔ میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نےکہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 8 سال بعد آیا ہے، مکمل ثبوت اور حقائق کے ساتھ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آیا ہے، ہمارے زمانے میں واٹس ایپ پر جے آئی ٹی بن گئی تھی، جے آئی ٹی نے فٹا فٹ آنکھ جھپکتے ہی اپنی جعلی رپورٹ بنا دی تھی جبکہ فارن فنڈنگ کیس کی 8 سال تفتیش ہوچکی ہے، سب کچھ سامنے آیا ہے۔ عمران خان قوم کو درس دیتا تھا کہ دیانت دار اور ایماندار ہوں، چوری نہیں کرتا، عمران خان کا تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا اور سب سے بڑی تاریخ کی چوری ثابت ہوگئی ہے، سب سے بڑی منی لانڈرنگ ثابت ہوگئی ہے، یہ کہتا ہے تھوڑی سی منی لانڈرنگ کرلی تو کیا ہوا، اس کو پتہ تھا کہ اس نے بہت بڑی منی لانڈرنگ کی ہوئی ہے، اس لئے بار بار کہتا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے غیر ملکیوں سے پیسہ لیا، غیر ملکیوں سے پیسہ لیں گے تو غیر ملکی ایجنڈا ہی نافذ کریں گے، عمران خان نے پاکستان کی معیشت، معاشرہ اور سیاست تباہ کر کے رکھ دی، ہمارے دور میں معیشت بہتر ہورہی تھی، دن بدن ترقی ہو رہی تھی۔

یورپ سے سے مزید