اسلام آ باد (نمائندہ جنگ، اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاق اورصوبے ملکر سیلاب کی صورتحال سے نمٹیں گے ، آخری گھرکی آباد کاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، حقداروں کو انکے گھرکی دہلیز پر ان کا حق پہنچائیں گے، یہ سیاست کا نہیں خدمت کا وقت ہے، ہمارے اخلاص میں نہ پہلے کوئی کمی تھی نہ اب ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ڈیرہ غازی خان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران کوٹ چٹھہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب،وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ اور دیگربھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے بہت زیادہ جانی ومالی نقصان ہوا ہے ۔ وزیراعظم نے یاد دلایا کہ 2019 میں آج ہی کے دن بھارت میں مودی سرکار نے یکطرفہ غیرقانونی اقدامات کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بربریت اور ظلم وزیادتی کا بازار گرم کیا اور کشمیریوں کو جو تھوڑے بہت آئینی حقوق حاصل تھے ان کو بھی پامال کردیا، بھارت70 سال سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی جو خلاف ورزیاں کررہا ہے اور معصوم اوربے گناہو ں کا خون بہا رہا ہے اس میں مزید اضافہ کردیا ، آج نہ صرف پوری پاکستانی قوم بلکہ تمام عالم اسلام کشمیر کے ان عظیم سپوتوں اورغازیوں کو سلام پیش کرتا ہے جو بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف علم بلند کئے ہوئے ہیں۔