بھارت کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ جو لوگ آپ کی زندگی میں ولن بننا چاہتے ہیں، انہیں آپ کامیڈین بنائیں۔
کنگنا رناوت نے انسٹاگرام کی ایک خفیہ پوسٹ میں ترقی اور تنقید کے بارے میں لکھا اور کہا کہ آپ کی زندگی کا جو بھی ولن ہو اُسے کامیڈین بنانا چاہیے۔
بالی ووڈ کوئین جو سوشل میڈیا پر رائے کے اظہار کے حوالے سے جانی جاتی ہیں، نے جمعے کے روز اپنے مخالفین اور اُن کے حمایتوں سے متعلق خفیہ پوسٹ شیئر کی۔
انہوں نے لکھا کہ مجھے کسی کی ذلت کے لیے جذبات کا استعمال کبھی پسند نہیں آیا، میں نے کسی بھی طرز کی ناکامی یا غیر منصفانہ سلوک پر دھونس دینا یا ان تجربات کے ذریعے خودی کو ٹھیس پہنچانے کو کبھی درست خیال نہیں کیا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ خود کو کبھی بھی ان لوگوں کی نظر سے نہ دیکھیں، جو آپ کی تعریف نہیں کرتے بلکہ آپ پر تنقید کرکے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
کنگنا رناوت نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ آپ کی زندگی میں ولن بننا چاہتے ہیں، انہیں کامیڈین بنادیں، یہ ایک اچھی کہانی ہوگی، اسے آپ خود ڈائریکٹ کریں ۔
سوشل میڈیا پر چند دن قبل بائیکاٹ لال سنگھ چڈھا کے ٹرینڈ پر کنگنا رناوت نے عامر خان کو ہدف تنقید بنایا تھا اور انہیں اس منفی مہم کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا تھا۔
بالی ووڈ کوئین اس سے پہلے فلمساز کرن جوہر کو فلمی ستاروں کے بچوں کو فلم نگری میں لانچ کرنے اور اقربا پروری کو فروغ دینے پر تنقید کا نشانہ بناچکی ہیں۔
کنگنا رناوت کی تازہ فلم دھکڑ باکس آفس پر پِٹ گئی تھی، اب وہ اپنی اگلی فلم ایمرجنسی کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس میں وہ اندرا گاندھی کا کردار نبھا رہی ہیں۔