• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امام عالی مقامؓ کی یاد میں، مجالس عزا کا انعقاد، 300 سے زائد چھوتے بڑے ماتمی جلوس برآمد، گھر گھر قرآن خوانی کی محفلیں

سکھر/خیرپور/نوکوٹ(بیورو رپورٹ/ نامہ نگاران)امام عالی مقام ؓکی یاد میں،مجالس عزاء کاانعقاد، 300سے زائد چھوٹے بڑے ماتمی جلوس برآمد،گھر گھر قرآن خوانی کی محفلیں ، سکھر نواسہ رسول امام عالی مقام سیدنا حسین ابن علی ؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی یاد میں شہر و نواحی علاقوں میں مجالس عزاء کے انعقاد، ماتمی جلوس برآمد ہونیکا سلسلہ جاری ہے۔ سکھر، روہڑی، صالح پٹ، کندھرا، سنگرار، علی واہن، بچل شاہ میانی سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں چھوٹے و بڑے ماتمی جلوس برآمد ہورہے ہیں، جن میں زنجیر زنی، سینہ کوبی کی جارہی ہے جبکہ مجالس عزاء میں علماء و ذاکرین واقعہ کربلا پر روشنی ڈال رہے ہیں۔ مرکزی امام بارگاہ میں منعقدہ مجلس عزاء سے علامہ نسیم حیدر زیدی نے خطاب کیا۔ مجالس سے خطاب میں مقررین کا کہنا ہے کہ حضرت سیدنا امام حسین ؓ اور ان کے جانثار رفقاء نے عظیم قربانیوں اور شہادتوں کی ایسی تاریخ رقم کی کہ جسے دنیا ہمیشہ یاد رکھے گی، آج امت مسلمہ کو سیدنا امام حسین کی تعلیمات کو سمجھ کر اس کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے۔ شہداء کربلا کے مشن پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔ محرم الحرام ہمیں احترام انسانیت اور صبر کا درس دیتا ہے، ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم بین المسالک ہم آہنگی اور رواداری کیلئے کام کریں، ہمیں چاہیے کہ اسلام کے حقیقی پیغام امن اور محبت کو پھیلائیں اور حضرت امام حسین کے حقیقی مشن اور فکر کو عام کریں جو احترام انسانیت پر مبنی ہے۔ آج کے پر فتن دور میں ہمیں پیغام امام حسین پر عمل کرنے کی اشد ترین ضرورت ہے۔ سیدنا امام حسین کی تعلیمات پر ہی عمل پیرا ہوکر تمام مسائل و بحرانوں سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب شہدائے کربلا کی لازوال قربانی کی یاد میں شہر بھر میں لنگر و نیاز کی تقسیم کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد گھروں، گلی و محلوں میں کھانے پینے کی اشیاء اور شربت تقسیم کررہی ہے، جبکہ گھر گھر میں قرآن خوانی کے اجتماعات بھی ہورہے ہیں۔ خیرپور 8محرم الحرام کو حضرت غازی عباس علمدار کی یوم شہادت پر تین سو سے زائد چھوٹے بڑے ماتمی جلوس برآمد ہوئے جبکہ مرکزی جلوس زری مبارک اور مرکزی امام بارگاہ انجمن حیدری سےنکالے گئے مرکزی امام بارگاہ انجمن حیدری کے جلوس کی قیادت سید صغیر حسین زیدی ایڈووکیٹ نے کی جبکہ امام بارگاہ فیض حسینی، امام بارگاہ قصر حسینی، امام بارگاہ پنجتنی، امام بارگاہ چھتن شاہ، امام بارگاہ قصر زینب ثانی زہریٰ، امام بارگاہ مرکزی لقمان، امام بارگاہ محبان حیدری سمیت دیگر امام بارگاہوں کے جلوس چھتری چوک پر مرکزی جلوس میں آکر شامل ہوئے عزاداروں نے فوجداری روڈ پر زنجیروں، تلواروں اور چاقوؤں کا ماتم کیا ماتم کے دوران کئی ماتم دار زخمی ہوئے جن کو رضاکاروں نے طبی کیمپوں میں پہنچایا۔ دریں اثناء پنج گلہ چوک پر شیعہ علمائے کرام نے خطاب کیا اور حضرت غازی عباس علمدار کی شہادت بیان کی۔ حضرت غازی عباس علمدار کی یاد میں نکالے گئے مرکزی ماتمی جلوس میں اسلام آباد، کراچی، حیدرآباد، لاہور، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، سکھر، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد، دادو، نوشہروفیروز، نواب شاہ، میرپورخاص اور دیگر شہر و دیہات کے ماتم دار شریک ہوئے۔ مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مرکزی امام بارگاہ انجمن حیدری پر اختتام پذیر ہوا بھاری سیکورٹی جلوس کے ہمراہ تھی۔ نوکوٹ 8ویں محرم الحرام کی خواتین کی مجلس عزاء شیعہ علماء کونسل نوکوٹ کے صدر سید صفدر علی شاہ گھر منعقد ہوئی مقریرین نے مجلس میں شہداء کربلاء کی یاد میں انکی شہادت پر روشنی ڈالی ۔جبکہ شعیہ کاؤنسل نوکوٹ کے رہنماء عمران کنبھار کے گھر پر بھی خواتین کی مجلس کا اھتمام کیا گیا ۔9 ویں محرم کی رات امام بارگاہ پنجتنی پاک میں آگ پر ماتم کیا جائے گا اس سلسلے میں سینکڑوں من لکڑی گذشتہ دو روز سے جلائی جارہی ہے جبکہ آگ کے ماتم سے پہلے مجلس عزاء منعقد ہو گی جس سے ممتاز ذاکر علامہ غلام رضاء رضوانی خطاب کریں گے جبکہ اس موقع پر نوحا خوانی بھی کی جائے گی ۔اور زنجیر زنی کا ماتم اور بعد میں آگ پر ماتم کیا جائے گا ۔اس موقع پر شعہ علماء کونسل پاکستان یونٹ شاہ نجف کے صدر نادر علی رند ʼ محمد علی رند نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ اس موقع پر فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور ٹریفک کے لئے علیحدہ پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ لنگر و نیاز کا بھی اھتمام کیا گیا ہے۔ شہدادپور قصبات ملدسی مقصودو رند لنڈو شریف ۔باقرموری لانڈھی میں عاشورہ کے سلسلے میں 25 سے زائد مقامات پر اور امام بارگاہوں میں مجالس عزا برپا ہوئیں مرکزی امام بارگاہ حسینی میں ذاکر اہلبیت انجینئر اسد رضا نے مجلس سے خطاب کیا بعدازاں مرکزی امام بارگاہ حسینی ۔امام بارگاہ حیدر کرار۔امام بارگاہ آل محمد ۔امام بارگاہ علی المرتضیٰ ۔درگاہ جوت علی شاہ ۔حاکم شاہ۔کے پڑ سے ماتمی جلوس نکالے گئے جو شہر کے مختلف علاقوں سے گزر کر امام بارگاہوں پر اختتام پزیر ہوئے ایس ایس پی سانگھڑ فرخ لنجار کی ہدایت پر امام بارگاہوں اور ماتمی جلوسوں کی حفاظت کیلئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جبکہ شہری دفاع کے رضا کاروں نے اپنے فرائض ادا کئے شہر میں ایک سو سے زائد ٹھنڈے پانی اور شربت کی سبیلیں لگائی گئی ہیں اور لنگر نیاز کا سلسلہ جاری ہے۔

سندھ بھر سے سے مزید