اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے نشستیں مختص کرے۔ ایوان میں اوورسیز کی نمائندگی وہاں کی منتخب لیڈرشپ کی جانب سے ہی ہونی چاہیے۔ اوورسیز پاکستانیوں کی ملک میں جائیدادوں پر قبضے ہورہے ہیں ، شکایات پر ان کی کہیں شنوائی نہیں ہوتی۔سالانہ تیس ارب ڈالر کی ترسیلات ملکی معیشت کو سہارا دینے والا سب سے بڑا ذریعہ ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کو کمپنیوں سے بغیر وجہ نوکریوں سے نکال دیا ۔اوورسیز منسٹری اور سفارتخانے ایشوز پر توجہ دیں۔قومی ائیر لائن کے ریٹس کم کیے جائیں۔ ملکی ائیرپورٹس امیگریشن پراسس ، میڈیکل سرٹیفکیٹس کے حصول کے طریقہ کار کو آسان کیا جائے۔ آن لائن شکایات کے ازالے کے لیے فوری ایکشن لیے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں پچیس ممالک سے وفود نے شرکت کی۔ سراج الحق نے کہا جماعت اسلامی نے اوورسیز کے لیے سب سے پہلے اورسب سے توانا آواز بلند کی،ہم سمجھتے ہیں کہ کرپشن اور مافیاز کی وجہ سے ملک اس نہج پر پہنچا۔امیر جماعت نے کہاکربلا سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ جبر و استبداد کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہوا جائے۔ اجتماعیت سے ہی استعمار کے ایجنڈے کو شکست دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل اللہ کے احکامات کو اپنانے میں ہے۔ دین کی سربلندی کے لیے جدوجہد ہر مسلمان کی اولین ذمہ داری ہے۔