• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعلیٰ عدالتیں آئین کی نگہبان، عوامی حقوق کا ادراک رکھتی ہیں، چیف جسٹس

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ پاکستان کی اعلیٰ عدالتیں آئین کی نگہبان ہونے کی وجہ سے عوام کے بنیادی حقوق کا ہمیشہ ادراک رکھتی ہیں اور اقلیتوں کے حقوق کے نفاذ اور انکو درپیش مسائل کے حل کیلئے فیصلے جاری کرتی رہی ہیں، انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز اقلیتی حقوق عملدرآمد فورم کے چیئرمین سیموئل پائر کی سربراہی میں 10 رکنی وفد کیساتھ سپریم کورٹ میں ملاقات کرتے ہوئے کیا ، چیف جسٹس نے مندوبین کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے اقلیتی برادریوں کے تعاون کو سراہا، انہوں نے 11اگست کو طے شدہ قومی اقلیتی دن کے موقع پر انہیں مبارکباد بھی دی اور کہا کہ حال ہی میں سپریم کورٹ نے کرک میں ٹیری مندر پر حملے کا نوٹس لیا اور صوبائی حکومت کو مندر کی بحالی و تعمیر نو کے اخراجات بے حرمتی میں ملوث شرپسندوں سے وصول کرنے کی ہدایت کی ہے ، چیف جسٹس نے وفد کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین1973کے تحت اقلیتی برادری کو حاصل بنیادی حقوق سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آئین کاآرٹیکل 20ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے اور اسکی تبلیغ کے حق کی ضمانت دیتا ہے ،وفد نے چیف جسٹس سے ملاقات کیلئے وقت نکالنے پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے اقلیتی برادریوں کو انکے بنیادی حقوق کے نفاذ میں درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا،چیف جسٹس نے وفد کو اقلیتی برادری کے آئینی حقوق کے تحفظ کیلئے عدالت کے عزم کی یقین دہانی کرائی اور جذبہ خیر سگالی کے طور پر سووینئرز کا تبادلہ بھی کیا۔
اہم خبریں سے مزید