لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے معاشی تباہی اور امن کی پامالی کی بنیاد، پی ڈی ایم نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔ مہنگائی، بے روزگاری کی وجہ سے ملک کا ہر پانچواں فرد ڈپریشن کا شکار، نوجوان مستقبل سے خوفزدہ ہیں۔ موجودہ حکومت کے چند ماہ میں مہنگائی میں 43فیصد اضافہ ہوا۔ عام آدمی کو نہ صرف بنیادی ضروریات زندگی پورا کرنے کی فکر ہے بلکہ وہ عدم تحفظ کا بھی شکار ہے۔ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورت حال شدید خراب ہے۔ صوبہ جل رہا ہے اور وزیراعلیٰ بنی گالہ میں بانسری بجا رہا ہے۔ خیبرپختونخواہ میں نو برس سے برسراقتدار پی ٹی آئی حالات کی ذمہ دار ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ ایک سازش کے تحت حالات بگاڑے جا رہے ہیں،لیکن اب کی بار عوام خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے دیر لوئر(میدان) میں مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت نے بلوچستان ،سندھ اور جنوبی پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد پھوٹنے والے امراض اور حکومتوں کی نااہلی پر غم و غصہ کااظہار کیا ۔