• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی ایف اے کی کارروائیاں، کوئٹہ 12، تربت میں 5 مراکز پر جرمانے عائد

کوئٹہ(خ ن)اشیاء خوردونوش میں ملاوٹ کرنے اور عوام کو ناقص و زائد المعیاد خوراک کی فراہمی پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جاری کارروائیوں کے دوران کوئٹہ میں 12 جبکہ تربت میں 5 مراکز پر جرمانے عائد کردئیے گئے ۔ بی ایف اے حکام کی جانب سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں علمدار روڈ ، عدالت روڈ ، جناح روڈ ، نواں کلی اور شاوکشاہ روڈ میں متفرق کھانے پینے کے کے مراکز کو چیک کیا گیا ، علمدار روڈ میں دودھ میں ملاوٹ کرنے پر 3 ملک شاپس کے خلاف ایکشن لیا گیا ، عدالت روڈ میں پکوان میں ناقص و پابندی عائد اجزاء کی آمیزش و ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 معروف ہوٹلوں ، شاوکشاہ روڈ میں 3 ہولسیل ٹریڈرز سے بڑی مقدار میں زائد المعیاد خوردنی مصنوعات (مصالحے ، کسٹرڈ پاؤڈر ، کیچپ ، چٹنیاں) اور چائنیز نمک ملے مصالحہ جات برآمد ہوئے ، 1 کیٹرنگ یونٹ میں صفائی و اشیاء ذخیرہ کرنے کا نظام انتہائی غیر صحت بخش و پکوان میں مضر صحت رنگوں کا استعمال پایا گیا ، اسی طرح نواں کلی میں واقع 2 ہوٹلوں اور 1 میٹ شاپ کے خلاف گزشتہ ہدایات کے باوجود بی ایف اے حکام کی ہدایات و ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر ایکشن لیتے ہوئے جرمانے عائد کیے گئے ۔ علاوہ ازیں کوئٹہ شہر میں فروخت کیے جانے والے خوردنی تیل اور گھی میں مختلف غذائی اجزاء کی آمیزش (فورٹیفکیشن) چیک کرنے کا سلسلہ بھی جاری رہا ، اس سلسلے میں بی ایف اے حکام نے نیو اڈہ اور سرکی کے علاقے میں موبائل ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے متعدد جنرل اسٹورز و ہولسیل ٹریڈرز سے گھی اور کوکنگ آئل کے نمونے لیکر ٹیسٹ کیے ، مختلف برانڈز کے خوردنی تیل و گھی میں مختلف اجزاء کی آمیزش کے تناسب (Fortification) کو چیک کیا گیا ۔ چیک کردہ 11 نمونوں میں سے 5 کمپنیوں (پارس کوکنگ آئل ، شاہین کوکنگ آئل ، پہچان گھی ، ریشماں گھی اور الکرم کوکنگ آئل ) میں مختلف غذائی اجزاء (فورٹیفکیشن) کا تناسب مقررہ حد سے کم پایا گیا جبکہ لیب رپورٹس کے مطابق دیگر 6 مختلف برانڈز ( زیارت کوکنگ آئل ، پاک کوکنگ آئل ، سورج کوکنگ آئل زرغون گھی بیک مین کوکنگ آئل اور ایوؤ لین کوکنگ آئل ) معیاری اور فورٹیفائیڈ پائے گئے۔ مزید برآں ڈویژنل ڈائریکٹر (مکران) ممتاز علی کی سربراہی میں بی ایف اے حکام نے تربت میں 4 جنرل اسٹورز سے بڑی تعداد میں زائدالمیعاد اشیاء خوردونوش (کولڈرنکس ، مصالحے ، کیک وغیرہ) برآمد کیں جنہیں ضبط کرکے مراکز پر جرمانے عائد کیے گئے ۔ ایک پکوڑا شاپ کے خلاف صفائی کے ناقص انتظامات اور اشیاء تلنے کیلئے غیر صحت بخش و استعمال شدہ کوکنگ آئل کے استعمال پر ایکشن لیا گیا۔ بی ایف اے حکام نے بعدازاں جنرل اسٹورز سے پکڑی گئیں ایکسپائرڈ و مضر اشیاء تلف کردیں جبکہ دوران معائنہ مختلف وجوہات پر متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے ۔علاوہ ازیں ڈویژنل ٹیم نے ایک کولڈ اسٹوریج سے بڑی مقدار میں سڑے ہوئے خراب کیلے برآمد کیے ، جنہیں بعدازاں تلف کردیا گیا۔
کوئٹہ سے مزید