کراچی(اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے سندھ انسٹیٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز (ایس آئی او ایچ ایس) نے نوجوانوں میں تمباکو نوشی کا بڑھتا رجحان کم کرنے کیلئے انڈس اسپتال اور ہیلتھ نیٹ ورک کے اشتراک سے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا جس میں ماہرین صحت نے تمباکو کی مصنوعات پر بھاری ٹیکس عائد کرنے پر زور دیا۔ ایس آئی او ایچ ایس کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر زبیر عباسی نے کہا کہ تمباکو کا استعمال دماغ کی نشونما اور پھیپھڑوں کی صحت پر سنگین اثرات مرتب کرتا ہے ، پالیسی سازوں اور میڈیکل کمیونٹی کو مل کر تمباکو پر قابو پانے کے لیے حکمت عملی اور احتیاطی تدابیر مرتب کرنی چاہئیں۔ سیشن کی مہمان خصوصی کنسلٹنٹ پلمونولوجسٹ اور سی ایچ ڈی لنگ ہیلتھ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر صائمہ سعید نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد تمباکو کے خلاف آواز اٹھانے پر مبنی پٹیشن پر دستخط کرنے والوں کو یکجا کرنا اور ساتھ ہی متعلقہ محکموں کو تمباکو کی مصنوعات پر بھاری ٹیکس عائد کرنے پر آمادہ کرنا ہے۔