• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواجہ سرائوں کو گرو مافیا سے نجات دلائی جائے،صباء گل

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) درجنوں خواجہ سرائوں نے اپنے مطالبات کے حق میں جمعہ کو احتجاجی مظاہرہ کیا۔ نیشنل پریس کلب کے باہر ہونیوالے مظاہرہ کی قیادت صباء گل صدر انڈس ہوم ویلفیئر فائونڈیشن نے کی۔ قبل ازیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صباء گل نے مطالبہ کیا ہے کہ خواجہ سرائوں کو گرو مافیا سے نجات دلائی جائے‘ انکی خریدو فروخت فوری بند کرا کے پابندی لگائی جائے انہوں نے کہا کہ  ہم خواجہ سرائوں کیلئے ٹرانس جینڈر تحفظ سنٹر کھولنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گرو مافیا انسانی خریدو فروخت کا کام کرتے ہیں جن سے آزادی کیلئے علم بغاوت بلند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرو مافیا نے ہماری زندگیاں برباد کر دی ہیں‘ خواجہ سرائوں کو جسم فروشی پر لگا کر بھتہ وصول کرتے ہیں لیکن ہم ایسے مظالم کو نامنظور کرتے ہیں۔ صباء گل نے کہا کہ  2018ء میں قانون پاس کر کے حکومت نے ہمیں نئی پہچان دی لیکن اُس قانون پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ ہم معاشرے کی توجہ اور کبھی ماں باپ کے پیار کو ترستے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے چار سو لڑکیوں کی شادیاں بھی کرائیں‘ معذور لوگوں کو ویل چیئرز فراہم کیں‘ 35ہزار لوگوں کو راشن فراہم کیا‘ سردی سے بچنے کیلئے بستر دیئے‘ لیکن ہمارےخواجہ سرائوں کو ناحق قتل کیا گیا اور کوئی انصاف نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت ہسپتال اور مدرسہ بھی بنایا‘ خواجہ سرائوں کو بھی خودمختار بنائیں گے۔
اسلام آباد سے مزید