• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابقہ حکومت کے معاشی بحران سے صورتحال سنگین ہوئی، میثاق معیشت کی پھر پیشکش

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر میثاق معیشت کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے زلزلوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا مقابلہ کیا اور آگے بڑھتی گئی، ہماری قوم ہر مقصد کو حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، آج قوم کو تقسیم در تقسیم اور پارہ پارہ کرنے کی ناپاک کوشش کی جارہی ہے،سابق حکومت کے پیدا کردہ معاشی بحران نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا، پچھلی حکومت نے سی پیک بند کرکے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے،پچھلی حکومت نےپاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ 43ارب ڈالر قرض لیا، قرض کےسود کی ادائیگی بھی محال ہوچکی ہے، قومی قیادت الیکشن پر نہیں آنے والی نسل کے مستقبل پر نظر رکھتی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ لاکھوں مسلمانوں کے لہو سے لکھی گئی ہے وہ داستان جسکا عنوان ہے پاکستان، وطن عزیز کے 75 ویں یوم آزادی پر میں تحریک آزادی کے انگنت جانثاروں کو خراج عقیدت اور پوری دنیا میں آباد ہر پاکستانی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ اسی لیے یوم آزادی کے موقع پر میرا دل مسرور بھی ہے اور بے چین بھی، آج ہمیں کھلے دل سے اس سچائی کا اعتراف کرنا ہوگا کہ ہم نئی نسل کو وہ کچھ نہیں دے سکے جسکے وہ اصل میں حقدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بحرانوں سے دوچارہوئے جس میں سب سے بڑھ کرمعاشی بحران ہے، ہمارا قومی کردارجذبے، ہمت اورکچھ کردکھانے سےعبارت ہے، یہ وہ جذبہ تھا جو علامہ اقبال نےسوئی ہوئی امت کو دکھایا، قائد اعظم کا عمل اورعلامہ اقبال کی فکر ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ملکی حالات کے حوالے سے شہباز شریف کا کہنا تھاکہ وسائل نہ ہونے کے باوجود ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں ایٹمی پروگرام شروع کیا، اس قوم نے زلزلوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا مقابلہ کیا اور آگے بڑھتی گئی، ہماری قوم ہر مقصد کو حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ قوم نے ہولناک زلزلوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا ہے، اسی قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں نے کھیلوں کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کا پرچم سر بلند کیا، حالیہ دنوں میں کامن ویلتھ گیمز میں ارشد ندیم اور نوح بٹ سمیت دیگر نے کامیابیاں حاصل کرکے پاکستان کو دنیا میں سربلند کیا، اسی قوم نے ملکر دہشت گردی کو شکست فاش دی، یہ ہمارے قومی عزم، ادارے اور اعتماد کی چند مثالیں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج قوم کو مایوسی کے ایک بحران کا سامنا ہے، انتشار اور نفرت کے بیچ بوئے جا رہے ہیں، قوم کو تقسیم در تقسیم، اور قومی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی ناپاک کوشش کی جارہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ پچھلی حکومت کے پیدا کردہ معاشی بحران نے اس صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے، آج مالی محتاجی جیسے ہماری قومی شناخت بن گئی ہے، جسکا ہمارے بزرگوں نے کبھی سوچا بھی نہیں ہوگا۔شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے مختصر وقت میں ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے دن رات محنت کی جو اب بھی جاری ہے۔

اہم خبریں سے مزید