• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی عوام کی جانب سے پاکستان کو یوم آزادی مبارک،سفیر ڈونلڈ بلوم

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ گزشتہ 75 برسوں میں پاکستان اور امریکا نے عوام کے درمیان پائیدار شراکت داری اور مضبوط تعلقات قائم کیے ہیں، تیزی سے بدلتی ہوئی اس دنیا میں ہم تمام بڑے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے شانہ بشانہ کام کرتے رہیں گے۔

پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی پر پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے پاکستان میں امریکی مشن اور امریکی عوام کی جانب سے پاکستان کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں میں دونوں ممالک نے عوام کے درمیان پائیدار شراکت داری اور مضبوط تعلقات قائم کیے، ہم نے ہزاروں پاکستانی طلبا کو امریکا بھیجا، وہ طلبا اب پاکستان میں37 ہزار سابق طلبا پر مشتمل ایلومنائی نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔

امریکی سفیر نے کہا کہ گزشتہ2 برسوں میں ہم نے دنیا کی سب سے مؤثر کووڈ 19 کی ویکسین کی 77 ملین سے زیادہ خوراکیں پاکستان کو عطیہ کیں، اس بات پر فخر ہے کہ اس تعلق نے دونوں اقوام کے درمیان کاروباری اور معاشی تعلقات کو مضبوط کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا بدستور پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے، صرف گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں امریکی براہ راست سرمایہ کاری میں 50 فیصد اضافہ ہوا، یہ اضافہ ایک دھائی کے دوران بلند سطح ہے۔

ڈونلڈ بلوم نے مزید کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی اس دنیا میں ہم تمام بڑے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے شانہ بشانہ کام کرتے رہیں گے۔

قومی خبریں سے مزید