• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیرس: پاکستان کے یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی پر پاکستانی سفارتخانہ میں شاندار تقریب


پیرس میں پاکستانی سفارتخانے میں آج صبح پاکستان کے یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

چارج ڈی افیئرز محمد امجد عزیز قاضی نے پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، سفارتخانے کے اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی موجودگی میں قومی ترانے کی دھن پر پاکستانی پرچم بلند کیا۔

اس موقع پر صدر پاکستان، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

اپنے ریمارکس میں پیرس میں پاکستانی ناظم الامور نے پاکستانی کمیونٹی کے اراکین کو آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات پر مبارکباد دی اور کہا کہ چیلنجز کے باوجود پاکستان ایک متحرک سول سوسائٹی کے ساتھ ایک جدید جمہوری ریاست کے طور پر ترقی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان صنعت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ فن اور ثقافت کے شعبوں سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں ترقی کر رہا ہے۔

محمد امجد عزیز قاضی نے کہا کہ پاکستان کو ساتویں ایٹمی طاقت ہونے پر فخر ہے جو اپنی دنیا کی بہترین مسلح افواج کے ذریعے اپنا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے زراعت، انفرااسٹرکچر کی ترقی اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں ترقی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی اپنی زبردست طاقت دکھائی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی خواتین کو تمام اہم شعبوں میں اپنے کردار کو مضبوط بنانے کے لیے بااختیار بنایا جا رہا ہے۔

چارج ڈی افیئرز نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کا اثاثہ قرار دیا اور فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے معاشرے کے تمام شعبوں میں ادا کیے گئے مثبت کردار کو سراہا۔

تقریب میں پاکستانی بچوں کے درمیان ڈرائنگ کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ ثقافتی پروگرام بھی شامل تھا جس میں پاکستان کے قومی نغمے گائے گئے اور مہمانوں کی تواضع روایتی پاکستانی کھانوں سے کی گئی جبکہ چانسری کی عمارت کو پاکستان کی تصاویر سے سجایا گیا تھا۔

اس موقع پر، سفارتخانے نے ایک پاکستانی مصور زیندریہ نائر کے اصلی فن پاروں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا۔

نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے چارج ڈی افیئرز نے ان کے کام کی انفرادیت کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی فنکاروں کو ہمیشہ ملک کے اندر اور بیرون ملک سے پذیرائی ملی ہے۔

ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات کے سلسلے میں کیک کاٹا گیا اور پاکستان کی خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید