• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت احمدیہ کے تحت ہڈرز فیلڈ میں یوم آزادی کی تقریب

 ہڈرزفیلڈ(رپورٹ:فتیح الحق)14اگست پر ہڈرز فیلڈ میں شاندار تقریب ہوئی،جماعت احمدیہ ہڈرزفیلڈ نارتھ کے صدر جناب یوسف آفتاب نے آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔جب کہ صباحت کریم نے یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے پریزینٹیشن دی جس کے بعد سوال جواب کا ایک مختصر سیشن ہوا۔آخر میں عامر شہزاد صدر جماعت احمدیہ ہڈرزفیلڈ ساؤتھ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اس پروقار تقریب میں شرکت کرنے والے معززین میں لوکل کمیونٹی کے علاوہ ڈپٹی لارڈ لیفٹیننٹ، کونسلرز اور دیگر رہنما شامل ہیں، مقامی پریس کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس تقریب کا مقصد پاکستانی احمدیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔جماعت احمدیہ کی وفاداریوں کی ایک لمبی فہرست ہے۔بات چوہدری سر ظفر اللہ خان کی بطور پہلے وزیر خارجہ کی ہو یا جنگی محاذ میں احمدی جنرلوں کی فتوحات کی، ڈاکٹر عبدالسلام کی علمی میدان میں پاکستان کے لیے اعزازات سمیٹنے کی یا ایم ایم احمد کی بطور فیڈرل فائننس سیکرٹری خدمات کی، ہر میدان میں احمدی آگے رہے۔ قائد اعظم کی پاکستان کے قیام کے لیے کی گئی کوششوں کا مقصد عدل و انصاف اور رواداری کی ضامن ایک فلاحی مملکت کا قیام تھا لیکن افسوس کہ قائد اعظم کی انتھک مجاہدانہ محنت سے معرض وجود میں آنے والا یہ ملک ایک عرصہ سے دہشت گردی،صوبائی تعصب اور فرقہ وارانہ کشیدگی کی وجہ سے اپنا تشخص کھو رہا ہے۔حقیقی جمہوریت کا کوی مذہب نہیں ہوتا،معاشرے کے ہر طبقے کی بہبود حکومت وقت کی اولین ترجیح ہونی چاہئے اور ارباب اختیار کو اپنے فیصلے ذاتی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے وسیع تر ملکی مفاد کو مد نظر رکھ کر کرنے چاہئیں۔تقریب میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان کے لیے تمام پاکستانیوں کو مذہب، مسلک اور زبان کے فرق سے بالاتر ہو کر مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔یوم آزادی کے موقع پر عالمگیر جماعت احمدیہ کے سربراہ صاحبزادہ مرزا مسرور احمد نے کہا آج 14 اگست بھی ہے جو پاکستان کا یوم آزادی ہے، اس لحاظ سے بھی دعا کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں۔اس ملک کی بقا اور سالمیت کی ضمانت انصاف اور ایک دوسرے کے حقوق کی ادائیگی میں ہے۔ظلموں سے بچنے میں اس ملک کی بقا ہے۔
یورپ سے سے مزید