• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف ملک سے باہر جیل سے گئے، انہیں واپس جیل آنا چاہئے، ولید اقبال

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیرہوابازی خواجہ سعد رفیق نے مفتاح اسماعیل کی طرف سے پی آئی اےاور روزویلٹ ہوٹل بیچنے کی کوشش پر استعفے کی دھمکی دیدی ہے۔اس بات کا انکشاف سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے جیو پر نشر ہونے والے اپنے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پروگرام میں وفاقی وزیر جاوید لطیف،معروف ماہر قانون سلمان اکرم راجہ ،پی ٹی آئی کے رہنما ولید اقبال اور سینئر تجزیہ کار مبشر زیدی شریک تھے۔میزبان حامد میر نے پروگرام میں بتایا کہ مفتاح اسماعیل پی آئی اے کے شیئرز اور نیویارک میں پی آئی اے کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل بیچنا چاہتے ہیں، پی آئی اے اور روز ویلٹ ہوٹل ایوی ایشن منسٹر خواجہ سعد رفیق کے تحت آتا ہے، خواجہ سعد رفیق نے مفتاح اسماعیل کو کہا ہے کہ آپ نے پی آئی اے یا روزویلٹ ہوٹل کوبیچنے کی کوشش کی تومیں استعفیٰ دیدوں گا۔حامد میر کا مزید کہنا تھا کہ شہباز گل کے ساتھ جو بھی ہوا وہ اسلام آباد پولیس کی حراست میں ہوا ہے، شہباز گل پر تشدد ہوا ہے لیکن ایسی جگہ پر ہوا ہے کہ نہ میں تصویر دکھاسکتا ہوں نہ بتاسکتا ہوں، شہباز گل کے جسم کے ایسے حصوں پر تشدد کے نشانات ہیں میں ٹی وی پر نہیں دکھاسکتا۔سینیٹر ولید اقبال نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف ملک سے باہر جیل سے گئےتھے اور اصولاً انہیں واپس جیل میں ہی آنا چاہئے اور اگر کوئی بھی ادارہ یا حکومت انہیں جیل سے باہر رکھتی ہے تو وہ قانون کی نافرمانی کررہی ہوگی،جن کیسوں میں بھی شریف خاندان ملوث ہے وہاں پراسیکیوٹرز، انویسٹی گیٹرز ، گواہوں یا ججوں کا اچانک انتقال ہوجاتا ہے، وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا کہ چار ماہ میں جب بھی پٹرول کی قیمتیں بڑھی ہیں ہم کابینہ میں احتجاج کرتے ہیں، مفتاح اسماعیل کو پٹرول کی قیمتیں بڑھانے سے پہلے عوام کو اعتماد میں لینا چاہئے تھا، مجھے پورا یقین ہے کہ نوازشریف ستمبرمیں وطن واپس آرہے ہیں، حتمی فیصلہ ہوگا تو پارٹی سیکرٹری جنرل کو بھی بتایا جائے گا۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ضمانت کے بغیر واپسی پر نواز شریف کو گرفتار کرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے، وفاقی حکومت ممکنہ طور پر نواز شریف کو حراست میں لے کر اسپتال منتقل کرسکتی ہے، شہباز گل پر تشدد کی صداقت جانچنے کیلئے میڈیکل ایگزامنیشن ہونا چاہئے۔مبشر زیدی نے کہا کہ شہباز گل کے معاملہ میں اسلام آباد پولیس کا کردار شرمناک ہے، پولیس کو ایک گھنٹہ بعد ہی پتا چل گیا تھا کہ شہباز گل کا موبائل بنی گالہ پہنچ گیا ہے، مگر وہاں چھاپہ مارنے کے بجائے غریب کے گھر چھاپہ مار کر اس کی اہلیہ کو پکڑلائی۔وفاقی وزیر جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ چار ماہ میں جب بھی پٹرول کی قیمتیں بڑھی ہیں ہم کابینہ میں احتجاج کرتے ہیں، مفتاح اسماعیل کو پٹرول کی قیمتیں بڑھانے سے پہلے عوام کو اعتماد میں لینا چاہئے تھا، مفتاح اسماعیل کو پریس کانفرنس پٹرول کی قیمتیں بڑھانے سے پہلے کرنی چاہئے تھی، مفتاح اسماعیل کو بتاناچاہئے تھا کہ کیوں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر مجبور ہیں ،کابینہ کے اجلاس میں سب نے مفتاح اسماعیل سے یہ سوال پوچھا، نواز شریف اور مریم نواز کسی طور پر عدم اعتماد کی شکل میں حکومت کا حصہ بننے کے حق میں نہیں تھے، مالیاتی اداروں سے مذاکرات کرکے پاکستان کیلئے ریلیف لینا نگران سیٹ اپ میں ممکن نہیں تھا۔ جاوید لطیف کاکہنا تھا کہ نواز شریف کی واپسی کا حتمی فیصلہ ہوجائے گا تو پارٹی کے سیکرٹری جنرل کو بھی بتایا جائیگا وہی اعلان کریں گے، مجھے پورا یقین ہے کہ نوازشریف ستمبرمیں وطن واپس آرہے ہیں، نواز شریف دسمبر 2021ء میں بھی واپس آرہے تھے۔
اہم خبریں سے مزید