• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہاولپور، لاہور سے کراچی آنے والی بس اور آئل ٹینکر میں ٹکر، 20 افراد زندہ جل گئے

ملتان / سکھر (نمائندہ جنگ / بیورو رپورٹ) بہاولپور کے قریب لاہور سے کراچی آنیوالی بس اور آئل ٹینکر میں ٹکر کے نتیجے میں 20مسافر زندہ جل گئے ، سلیپر بس کے ڈرائیور کو رات 2بجے مبینہ طور پر نیند آنے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، 9؍ افراد کو زندہ نکال لیا گیا۔ ادھر سکھر میں سوات سے کراچی آنیوالی مسافر کوچ موٹر وے روہڑی انٹر چینج کے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی اور کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں کوچ میں سوار بچوں و خواتین سمیت 8؍ افراد جاں بحق اور 32مسافر زخمی ہوگئے۔ صدر، وزیراعظم، اسپیکر قومی اسمبلی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا جاں بحق افرادکے لواحقین سےدکھ اورافسوس کا اظہار،انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ تفصیلات کے مطابق ملتان سکھر موٹروے ایم 5پر بہاولپور کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی سلیپر بس اور آئل ٹینکر میں خوفناک تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی، نتیجے میں کم از کم 20 مسافرجھلس کرجاں بحق اور6 زخمی ہوگئے سلیپر بس لاہور سے کراچی کیلئے پیر کی رات 9بجے روانہ ہوئی، حادثہ رات 2بجے پیش آیا۔ بس ڈرائیور کومبینہ طورپر دوران ڈرائیونگ نیند آنے کی وجہ سے حادثہ رونما ہوا اور وہ آگے چلتے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ بس میں 24 مسافر سوار تھے، ڈرائیور اور کنڈیکٹر بھی جاں بحق ہوگئے، جبکہ آئل ٹینکر کا ڈرائیور اور کلینر جائے وقوع سے فرار ہوگئے۔ آگ لگنے سے مسافروں کو بس سے نکلنے کا موقع ہی نہ مل سکا جلنے کی وجہ سے لاشوں کی شناخت ممکن نہیں رہی حادثے کے مقام پر موٹروے ایم 5 کئی گھنٹے بند رہی۔ امدادی ٹیموں کو آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگے۔ موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق ایمرجنسی کراسسز سینٹر بنا دیا گیا ہے‘ حادثے کا شکار ہونے والی بس 2009 ماڈل کی تھی ۔ دو مسافروں نے حیدرآباد اترنا تھا جبکہ 22 مسافروں نے کراچی جانا تھا۔ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشیں نشتر اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید