• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی انتخابات 28 اگست کو کرانے کے فیصلے کا خیرمقدم

کراچی ( سٹی نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کی درخواست مسترد کرنے ، انتخابات کو ملتوی نہ کرنے اور انتخابات 28اگست کو ہی منعقد کرانے کے فیصلے کا بھر پور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب کوئی پارٹی بلدیاتی انتخابات سے راہ ِ فرار اختیار نہیں کر سکتی ۔ عدالتی فیصلے کے بعد بھاگنے کے راستے بند ہو گئے ہیں ، بنیادی مسائل کا حل اور فوری اور شفاف بلدیاتی انتخابات کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کی ضرورت ہے ، عدالتی فیصلے پر چیف جسٹس آف پاکستان کے شکر گزار اور کراچی و حیدر آباد کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں بلدیاتی انتخابات کے التواء کے لیے ایم کیو ایم کی درخواست کی سماعت میں بطور فریق شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ۔ حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نادرا کے ڈیٹا بیس ، ووٹر لسٹوں اور مردم شماری کی خرابیوں کے حوالے سے بھی جماعت اسلامی کا موقف سننے پر چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتے ہیں اس عدالتی فیصلے سے اہل کراچی کو اعتماد بھی ملا ہے ۔ کراچی منی پاکستان ، ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ ایکسپورٹ میں 54فیصد قومی ریونیو میں67فیصد حصہ ڈالتا ہے ۔ سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے لیکن آج صورتحال یہ ہے کہ پورا شہر کھنڈر بنا ہوا ہے ،کوئی شاہراہ اور سڑک ایسی نہیں جو ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہ ہو ،تین کروڑ سے زائد عوام کے لیے عملاً ٹرانسپورٹ کا کوئی نظام نہیں ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید