اکوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) بلوچستان یونیورسٹی میں دو طلباءتنظیموں کے کارکنوں میں تصادم ، واقعہ کیخلاف سریاب روڈ پر احتجاج ،شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔مظاہرے سے طلباء رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدھ کوطلباءکو درپیش مسائل جن میں فیسوں میں اضافے ، ٹرانسپورٹ کی کمی، کینٹین میں اشیاءخوردونوش کی مہنگے داموں فروخت، یونیورسٹی کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کیخلاف یونیورسٹی کے اندرآرٹ فیکلٹی کے سامنے طلباءپرامن احتجاج کررہے تھے اس دوران ایک اور تنظیم کے کارکنوں نے پولیس اور انتظامیہ کی موجودگی میں حملہ کرکے ہمارے ساتھیوں کو زخمی کیا، طالبات سے بینرز چھین کر انہیں بھی زدوکوب کیا گیا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مذکورہ تنظیم انتظامیہ اور پولیس کی سرپرستی میں آئے روز طلباءپر تشدد کرکے انہیں زدوکوب کررہی ہے کچھ عرصہ قبل بھی ایک طالبعلم کے مسئلہ کو بلوچ اور پشتون طلباءکا مسئلہ قرار دے کرفسادات برپا کرنے کی کوشش کی گئی، انہوںنے کہا کہ مذکورہ تنظیم کے تشدد سے ہمارا ایک ساتھی کامریڈ شیر باز شدید زخمی ہوا جو سول ہسپتال کے ایمرجنسی میں زیر علاج ہے ۔