اسلام آباد (فاروق اقدس) وزیر خارجہ بلاول بھٹو ہفتے کو یورپ کے چار ملکی دورے پر روانہ ہوں گے ان ممالک میں جرمنی، ڈنمارک، سویڈن اور ناروے شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ کے ان ممالک کے دوروں کا مقصد پاکستان کیلئے معاشی تعاون کی غرض سے رابطے اور نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش ہے۔ اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں بلاول بھٹو جرمنی جائیں گے جہاں پر 20 اگست کو ان کے جرمن وزیر خارجہ بیئر بوک سے باضابطہ مذاکرات ہوں گے۔ یاد رہے کہ بیئر بوک کسی بھی یورپی ملک کی پہلی وزیر خارجہ تھیں جو اتحادی حکومت کے قیام کے بعد پاکستان کے دورے پر آئی تھیں تاہم کورونا میں مبتلا ہونے کے باعث انہیں اپنا دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس جانا پڑا۔ پاکستان کے وزیر خارجہ اپنی جرمن ہم منصب سے پاک جرمن اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری سمیت دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے مذاکرات کریں گے جبکہ اس ایجنڈے پر بھی بات چیت کی جائے گی جو جرمن وزیر خارجہ کے ادھورے دورے کے باعث نامکمل رہ گئی تھی اس میں افغانستان کی صورتحال سرفہرست ہوگی۔ جرمنی کے بعد بلاول بھٹو اپنے ڈنمارک، سویڈن اور ناروے کے دورے پر جائیں گے۔ چاروں ممالک کے دورے کے دوران پاکستان اور یورپ کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ ور یورپی یونین کی تجارتی رعایات میں مزید توسیع کیلئے بھی بات چیت ہوگی۔