اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان میں ہمت، جرأت اور حوصلہ ہے تو بتائیں کون سی ایجنسیوں اور لوگوں نے انہیں مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کے بارے میں بریفنگز اور رپورٹس دیں؟، چیف الیکشن کمشنر کی گارنٹی کس نے دی؟ اداروں کے بیرونی سازش کے جھوٹے بیانیہ میں ساتھ دینے سے انکار پر عمران خان ان کیخلاف ہوگئے، عمران خان ہر ادارے میں ایک جاوید اقبال چاہتے ہیں، عمران خان ملک میں تماشہ لگانا بند کریں، کرسی ہل جاتی ہے تو وہ اپنے چیف آف اسٹاف سے بغاوت کے بیان دلواتے ہیں، شہیدوں کیخلاف ٹرولز مہم چلواتے ہیں، فارن فنڈنگ کا حساب مانگو تو کہتے ہیں کسی کے آگےجوابدہ نہیں، بشریٰ بی بی اور فرح گوگی FIAمیں پیش کیوں نہیں ہوتی، سوال پوچھیں تو عمران خان جواب نہیں دیتے، اگرتین دفعہ کا منتخب وزیراعظم عدالت میں پیش ہو سکتا ہے توعمران خان کیوں نہیں؟عمران خان صاحب ! ڈرامے، تماشے، نوٹنکی، جھوٹ بولنا بند کریں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان دوسروں کو چور اور اپنے آپ کو فرشتہ ثابت کرتے رہے، انہوں نے 22 سال تک اسلامی ٹچ کے ذریعے سیاست کرنے کی کوشش کی، عمران خان نے کہا کہ مجھے چیف الیکشن کمشنر کے بارے میں بھی ایجنسیوں نے گارنٹی دی تھی، عمران خان بتائیں کہ انہیں کون سی ایجنسی اور کون شخص رپورٹیں اور بریفنگ دیتا تھا، کیا عمران خان کو فارن ایجنٹ اور تحریک انصاف کو فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر نہ کرنے کی گارنٹی دی گئی تھی؟ الیکشن کمیشن عمران خان سے سوال کرے تو وہ جواب نہیں دیتے، نیشنل کرائم ایجنسی انکے الزامات پر ثبوت مانگے تو کہتے ہیں کہ ان کے پاس شہباز شریف کیخلاف ثبوت نہیں، لاہور ہائیکورٹ، اسلام آباد ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ عمران خان سے انکے لگائے گئے الزامات پر ثبوت مانگیں تو وہ کہتے ہیں کہ میرے پاس جواب نہیں، ایف آئی اے، اپوزیشن، میڈیا، پارلیمنٹ ان سے سوال پوچھے تو وہ کہتے ہیں میں جواب نہیں دوں گا۔