بیجنگ (نیوز ڈیسک) چین نے سوئٹرزلینڈ سے 80؍ ٹن سونا خریدلیا ہے۔ بلومبرگ کی رپورٹ میں سوئس فیڈرل کسٹمز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چین کی جانب سے اتنی بڑی مقدار میں سونے کی منتقلی گزشتہ جون کے مقابلے میں دوگنا زیادہ ہے جبکہ مئی کے مقابلے میں 8؍ گنا زیادہ ہے۔ سونے کی درآمد میں پانچ سال کے دوران ہونے والے ریکارڈ اضافے سے اس بات کا اشارہ ملتا ہے کہ کورونا کے وقتوں میں مارکیٹ بندش کے بعد اب کاروبار کھلنے کے بعد سے چین میں بیش قدر دھاتوں کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ یاد رہے کہ جولائی میں سونے کی قدر 1700ڈالر فی اونس تک گر گئی تھی جو پہلے 2000ڈالر فی اونس تک تھی۔