سکھر، ٹنڈو محمد خان/ ڈگری/ عمرکوٹ /جوہی(نامہ نگاران ، بیورو رپورٹ)سندھ میں بارش و سیلاب سے تباہی، سیکڑوں دیہات زیر آب،زمینی رابطہ بھی منقطع،گڈو اور سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب،کئی علاقوں میں ملیریااور ڈینگی پھیلنے لگا۔
ہلاکتیں 180تک جاپہنچیں ،سکھر میں تعلیمی ادارے 2روزکیلئے بند کردیے گئے، مختلف دیہاتوں کے سیکڑوں افراد نے برساتی پانی کی نکاسی نہ کرنے کے خلاف ڈگری میرپورخاص مین روڑ پر احتجاجی دھرنا کیا۔
تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ میں تغیانی، سندھ کے بیراجوں پر پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے لگی، گڈو اور سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب، سیکڑوں دیہات زیر آب، لوگوں سےمال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی گئی ،سیلابی ریلہ کوٹری بیراج کی جانب بڑھ رہا ہے گڈو اور سکھر بیراج سے نکلنے والی تمام کینالوں کو بند کردیا گیا، آئندہ 2سے 3روز میں گڈو اور سکھر بیراج پر اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے ۔سکھر میں موسلا دھار بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے تعلیمی اداروں کی مزید 2روز کی چھٹی کا اعلان کردیا۔