• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چارسدہ میں لیدر کے کاروبار کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں، سرتاج احمد خان

پشاور (لیڈی رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کے کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان کی قیادت میں چارسدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، وومن چیمبر چارسدہ اور چترال کے وفد نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر سبز علی خان کے ساتھ اہم ملاقات کی۔ وفد میں چارسدہ چیمبر کے بانی صدر سکندر خان، ایگزیکٹیو ممبر صدام خان، سیکرٹری طاہر درانی، اور وومن چیمبر چارسدہ کی ایگزیکٹیو ممبر سمیرہ احمد سمیت دیگر شریک تھے۔ملاقات میں چارسدہ میں لیدر کے کاروبار کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کے افراد کا کہنا تھا کہ چونکہ چارسدہ چمڑے کی مصنوعات کے حوالے سے مشہور ہے اب حکومت وقت بالخصوص ٹی ڈیپ اس کاروبار کو مزید ترقی دینے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ چارسدہ میں خواتین کاریگروں کے لئے سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے اور گھریلو صنعتوں کو فروع دیا گیا جائے۔ٹی ڈیپ کے ڈائریکٹر سبز علی خان نے ان تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ عنقریب خواتین کے لئے سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا اس کے علاوہ چمڑے سے بنی اشیا ء کی نمائش کے انعقاد کا بھی اعلان کیا ۔تاکہ یہاں بننے والی مصنوعات جیسا کہ چپل، خواتین بیگ وغیرہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر پہنچ سکیں۔چترالی مصنوعات کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے اور یہاں کے مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا اور ایف پی سی سی آئی کے اشتراک سے چترال میں ایک ایکسپو کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
پشاور سے مزید