پشاور (خصوصی نامہ نگار) صوبے کے سیلاب زدہ علاقوں میں محکمہ صحت کے زیر انتظام میڈیکل کیمپ قائم کر دیئے گئے، چترال کے متاثرہ علاقوں تک میڈیکل ٹیمیں اور ادویات پہلے ہی پہنچ چکی ہیں، فوری طبی امدادی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، متاثرین کو ضروری ادویات کی فراہمی جاری ہے۔ ترجمان محکمہ صحت محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہونے والےبیان کے مطابق صوبے کے سیلاب زدہ علاقوں میں آلودہ پانی سے جنم لینے والی بیماریوں کے تدارک اور متاثرین کو فوری طبی امداد مہیا کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، سیلاب سے جنم لینے والی بیماریوں کے تدارک کے لئے خصوصی کیمپ کا انعقاد کیا جارہاہےاب تک 37 میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں جن میں ہزاروں کی تعداد میں متاثرین کامعائنہ اور علاج کیا گیا، چار ہزار سے زائد اسہال کے مریضوں کو ادویات و معالجے کی سہولیات مہیا گئیں،15 سو سے زائد جلد کے مریضوں کا معائنہ اور علاج کیا گیا جبکہ آلودہ پانی سے جنم لینے والی بیماریوں کے علاج سمیت، مختلف ویکسین بھی فراہم کی گئی۔