• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی خواہش ہوتی ہے عوام پر بوجھ نہ ڈالا جائے، مصدق ملک

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت مشکل فیصلے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے کررہی ہے، عوام پر جب بھی بوجھ پڑتا ہے نواز شریف اس کا سخت نوٹس لیتے ہیں، نواز شریف کی خواہش ہوتی ہے کہ عوام پر بوجھ نہ ڈالا جائے۔ وہ جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں مشیرداخلہ بلوچستان ضیاء لانگو ، صوبائی وزیر کے پی شوکت یوسف زئی اور سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بھی شریک تھے جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے ہونے والی تباہی جاننے کیلئے جیو نیوز کے نمائندوں سے بھی گفتگو کی گئی۔مشیرداخلہ بلوچستان ضیاء لانگو نے کہا کہ بلوچستان میں دو مہینے سے بارشیں جاری ہیں، تاریخ میں پہلی دفعہ پورے بلوچستان میں بارشوں سے تباہی ہوئی ہے، سیلابی ریلے انگریزوں کے زمانے کے بنے ہوئے پل بھی بہالے گئے ہیں، بلوچستان کے تمام راستے کٹنے کے بعد ریلیف کاموں میں بہت پریشانی ہورہی ہے، بہت سے علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ رابطہ بھی منقطع ہوچکا ہے۔ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ کے 23اضلاع میں ایمرجنسی صورتحال ہے، سندھ میں جہاں تک نظر جائے پانی نظر آرہاہے، اندازہ نہیں لگایا جاسکتا کہ دریا کہاں ہے اور زمین کس جگہ ہے، حکومت کی پہلی ترجیح لوگوں کو ریسکیو کرنا ہے، سندھ میں کم از کم دس لاکھ خیموں کی ضرورت ہے۔
اہم خبریں سے مزید