• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیلاب سے تباہی، امید ہے IMF جیسے مالیاتی ادارے امداد پر غور کرینگے، بلاول

اسلام آباد( خبرایجنسی)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاہےکہ پاکستان کوبدترین سیلاب سے نمٹنے کے لیے مالی مدد کی ضرورت ہے انہیں امید ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) جیسے مالیاتی ادارے کمزورمعاشی حالات پر غور کرینگے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کو انٹرویو میںانہوں نے کہاکہ میں نے اس پیمانے کی تباہی نہیں دیکھی،مجھے اسے الفاظ میں بیان کرنا بہت مشکل لگ رہاہے اور یہ تباہی بے انتہا ہے،بڑے پیمانے پر فصلیں جو زیادہ تر آبادی کوروزی روٹی فراہم کرتی تھیں تباہ ہو چکی ہیں اور ظاہر ہے اس کا اثر مجموعی معاشی صورتحال پر پڑے گا۔

غیرملکی میڈیا کاکہناہےکہ جنوبی ایشیائی ملک پہلے ہی معاشی بحران کا شکار ہے، اسے بلند افراط زر، کرنسی کی قدر میں کمی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا ہے

آئی ایم ایف بورڈ اس ہفتے فیصلہ کرے گا کہ آیا پاکستان کے بیل آؤٹ پروگرام ( جو 2019 میں شروع ہوا تھا)کی ساتویں اور آٹھویں قسط کے حصے کے طور پر 1.2 بلین ڈالر جاری کیے جائیں۔

بلاول کاکہناتھاکہ آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سےقسط کی منظوری متوقع ہے اور انہیں امید ہے کہ آنے والے مہینوں میں آئی ایم ایف سیلاب کے اثرات کو تسلیم کر لے گا،میں نہ صرف آئی ایم ایف بلکہ عالمی برادری اور بین الاقوامی ایجنسیوں سے بھی تباہی کی سطح کو صحیح معنوں میں سمجھنے کی توقع کروں گا،انفرااسٹرکچر اور لوگوں کی روزی روٹی پر پڑنے والے اثرات کو دیکھتے ہوئےانہوں نے کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ متاثرین کی کل تعداد بہت زیادہ ہو گی۔بلاول نے کہا کہ پاکستان اس ہفتے ایک اپیل شروع کرے گا۔

اہم خبریں سے مزید