سکھر (خبرایجنسی)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر سکھر پولیس نے وزیر اعظم شہباز شریف کی آمد پر احتجاج کرنے والے سیلاب متاثرین کے خلاف درج ایف آئی آر واپس لے لی۔وزیر اعلیٰ سندھ نے سیلاب متاثرین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سکھر پولیس کو وزیر اعظم شہباز شریف کی آمد پر احتجاج کرنے والے سیلاب متاثرین کے خلاف سائٹ تھانے میں درج مقدمہ ختم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین دکھی حالت میں ہیں، وہ ہر ممکن مدد اور امداد کے مستحق ہیں، لہٰذا ان کے خلاف مقدمہ درج کرنا ہر صورت ناقابل قبول اور بلاجواز ہے۔وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر سکھر پولیس نے سیلاب متاثرین کے خلاف مقدمہ ختم کردیا۔واضح رہے کہ سکھر پولیس نے گزشتہ روز 100 سے زائد نامعلوم افراد کے خلاف دہشت گردی کے الزامات کے تحت فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرلی تھی۔