لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے بہن بھائیوں کو غیرملکی این جی اوز کے سہارے چھوڑنے کی بجائے اچھی شہرت کی حامل مقامی تنظیموں اور رفاہی اداروں کو بروقت امداد پہنچائیں۔ قوم نے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کوکل تک 45کروڑ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے دئیے ہیں،ایک لمحہ ضائع کیے بغیر امداد متاثرین تک پہنچا رہے ہیں۔ اس وقت جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے 15ہزار سے زائد رضاکار سیلابی علاقوں میں فلاحی سرگرمیاں سرانجام دے رہے ہیں جن میں ڈاکٹرز، اساتذہ، انجینئرز سمیت ہر طبقہ ہائے فکر کے مرد و خواتین شامل ہیں۔ یہ وقت جہاں مصیبت زدہ افراد کے لیے امتحان کا ہے وہیں قدرتی آفت سے محفوظ لوگوں کے لیے بھی آزمائش ہے جنھیں بڑھ چڑھ کر مدد کے لیے آگے بڑھنا چاہیے، قوم اجتماعی توبہ کرے۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں سیاسی لڑائیاں چھوڑیں اور مصیبت زدہ افراد کی طرف توجہ دیں۔