برسلز (حافظ اُنیب راشد ) چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے سید علی گیلانی شہید کو ،جنہوں نے تحریک آزادی کشمیر کی خاطر اپنی زندگی کے دوران طویل مدت قید وبند کی صعوبتیںبرداشت کیں، زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ سید علی گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے بیان میں علی رضا سید نے کہاکہ مشکلات کے باوجود سید علی گیلانی اپنے ارادوں میں مصمم رہے اور کشمیریوں کی بھرپور قیادت اور رہنمائی کی، سید علی گیلانی نے تین کشمیری نسلوں کو اپنی جدوجہد سے متاثر کیا، وہ کشمیریوں کے ہیرو اور کشمیر کی سچی آواز تھے، وہ اپنے اصولوں اور نظریات سے ایک لمحہ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ سید علی گیلانی نے اپنے عظیم مقاصد پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور کشمیریوں اور کشمیر کاز کے ساتھ غیرمشروط وابستگی اور محبت کی وجہ سے وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ علی گیلانی کی وفات سے کشمیری ایک عظیم اور پرعزم رہنماء سے محروم ہوگئے لیکن ان کی رہنمائی اور جدوجہد کے اثرات طویل مدت تک باقی رہیں گے، ایسی عظیم شخصیات صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں، انہوں نے کہاکہ سید علی شاہ گیلانی نے تمام زندگی جموں و کشمیر کی بھارت سے آزادی کے لیے جدوجہد کی اور اپنے اصولوں پر ہمیشہ مصمم رہے، علی رضا سید نے کہاکہ علی شاہ گیلانی پہاڑ کی طرح کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں اپنے عظیم موقف پر قائم رہے، ان کی یہ جدوجہد ناقابل فراموش ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ رب کریم سید علی گیلانی کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور کشمیریوں کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین۔