• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ہانگ کانگ پر قہر بن کر ٹوٹ پڑا، کرکٹ کا سبق پڑھا دیا

دبئی (عبدالماجد بھٹی /نمائندہ خصوصی) پاکستانی کرکٹ ٹیم دھواں دھار کارکردگی دکھاتے ہوئے کمزور حریف پر قہربن کر ٹوٹ پڑی، ہانگ کانگ کو کرکٹ کا سبق پڑھادیا اور ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں داخل ہوگئی ۔

جمعے کی شب شارجہ میں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 2وکٹوں پر 193رنز بنائے اور حریف ٹیم کو صرف 38رنز پر آئوٹ کرکےآخری لیگ میچ میں155 رنز کی عبرت ناک شکست دے دی۔

 یہ رنز کے اعتبار سے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی میں سب سے بڑی اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں کسی ٹیم کی نویں بڑی فتح ہے۔ اس یکطرفہ اور یادگار جیت کے بعد پاکستانی ٹیم کا اصل امتحان اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف ہوگا۔

بھارت کا میچ جیت کر پاکستان پہلی شکست کا حساب برابر کرسکتا ہے۔ خوش دل شاہ ، محمد رضوان اور فخر زمان کی بیٹنگ کے بعد بولروں نے ہانگ کانگ کو بے بس کردیا۔

نسیم شاہ اور شاہ نواز دھانی نے پہلی تین وکٹیں حاصل کیں اس کے بعد اسپنرز چھاگئے۔ لیگ اسپنر شاداب خان نے8رنز دے کر چار اور محمد نواز نے پانچ رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔

نسیم شاہ کو دو وکٹ ملے۔ ہانگ کانگ نے اننگز شروع کی تونسیم شاہ نے کپتان نزاکت خان کو آئوٹ کردیا۔ بابر حیات بغیر کوئی رن بنائے صفر پر بولڈ ہوگئے نسیم شاہ نے پہلے اسپیل میں سات رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔

شاہ نواز دھانی نے یاسیم مرتضیٰ کو دو رنز پر آئوٹ کیا۔ اس کے بعد اسپنرز ایکشن میں آئے۔ محمد نوازنے کن چٹ شاہ کو چھ رنز پر ایل بی ڈبلیو اور اسکاٹ میکینی کو بولڈ کردیا۔ شاداب خان نے اعزاز خان کی وکٹیں بکھیریں ۔

اہم خبریں سے مزید