کراچی ( سہیل افضل) ایران اور افغانستان سے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد میں اضافہ، پیاز 100سے150 روپے تک اور ٹماٹر 200روپے کلو تک سستا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سیلاب سے ملکی فصلوں کی تباہی کے بعد حکومت نے ایک جانب پیاز اور ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت دی تو دوسری جانب ان پر عائد ڈیوٹی اور ٹیکس ختم کر دیئے جس کے مثبت اثرات آنا شروع ہو گئے ہیں، اتوار کو سبزی منڈی میں ایرانی پیاز کی قیمت 1400 سے 1600 روپے فی من اور افغانی و مقامی پیاز 2000 سے 2500 ہزار روپے فی من پر آگئی ،گذشتہ ہفتے مقامی پیاز کی قیمت 5 ہزارسے 5500 روپے فی من تک پہنچ گئی تھی جس کے باعث پرچون میں پیاز کی قیمت سے200 سے250روپے کلو سے بھی بڑھ گئی تھی لیکن اب ایرانی پیاز کی قیمت 40 سے 45 روپے اور اعلیٰ درجے کے مقامی و افغانی پیاز کی قیمت 50سے 60 روپے کلو پر آگئی ہے اسی طرح ایرانی ٹماٹر آنے کے بعد ٹماٹر کی قیمت 70 سے 100روپے فی کلو پر آگئی ہے ، جو کہ400 سے450 روپے کلو میں فروخت ہو تا رہا ہے۔ کراچی ہول سیل ویجٹیبل مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدرحاجی شاہ جہاں کا کہنا ہے کہ ایران اور افغانستان سے پیاز اور ٹماٹر بڑی مقدار میں پہنچ گیا ہے افغانستان سے ٹماٹر اور پیاز پنجاب اور کے پی کے میں جا رہا ہے جبکہ ایران کا مال کراچی اور سندھ پہنچ رہا ہے ان کا کہنا ہے حکومت کے بروقت فیصلے سےمارکیٹ میں پیاز اور ٹماٹر کی قلت پیدا نہیں ہو ئی ،آنے والے چند روز میں سبزیوں کی قیمتیں بھی 50 فیصد کم ہو جائیں گی کیونکہ بلوچستان کے راستے سپلائی بحا ل ہو نا شروع ہو گئی ہے راستے کھل رہے ہیں ، دریں اثنا کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹھیلوں پر پیاز کی قیمت کم ہو کر 120 سے140 روپے کلو اور ٹماٹر کی قیمت 140 سے 160 روپے کلو پر آگئی ہے جو کہ آنے والے دنوں میں مزید کم ہو جائے گی ۔