کراچی(نیوزڈیسک)پاکستان سے میچ ہارنے پر بھارتی بائولر ’’ارشدیپ سنگھ ‘‘ کو انتہا پسند بھارتیوں نے ویلن اور خالصتانی قرار دیدیا تاہم سابق بھارتی کرکٹرزا ور پاکستان کے وسیم اکرم ارشدیپ کی حمایت میں سامنے آگئے ۔
گزشتہ روز ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے میں پاکستان اور بھارت کےدرمیان میچ کےدوران 18ویں اوور میں بھارتی بائولر ’’ارشدیپ سنگھ ‘‘ آصف علی کا آسان کیچ نہ پکڑ سکےجس پر گرائونڈ میں موجود بھارتی کپتان روہت شرما نے شدید ردعمل دیا.
بعد ازاں بھارت میچ ہار گیا اور انتہا پسند بھارتیوں نے ارشدیپ کو ویلن قرار دینا شروع کردیا جس پر سابق بھارتی کرکٹر ہربجھن سنگھ نے ارشدیپ کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان کرکٹر پر تنقید کرنا بند کریں کوئی بھی جان بوجھ کر کیچ نہیں گراتا،ہمیں اپنے بھارتی لڑکوں پر فخر ہے۔
گوتم گمبھیر نے کہاکہ ارشدیپ ایک نوجوان کھلاڑی ہے اور ایسی چیزیں ہوتی ہیں، آپ(بھارتی عوام) گرائے گئے کیچ پر اتنی تنقید نہ کریں۔روی شاستری نے کہا کہ وہ اپنی غلطی کے بعد ایک بہتر کھلاڑی بن جائے گا کیونکہ وہ فوری سیکھنے والا لڑکا ہے۔
سابق پاکستانی لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم نے کہاکہ ارشدیپ ایک اچھا کھلاڑی ہے اور کیچ چھوڑنے سے وہ برا کرکٹر نہیں بنتا، وہ بقیہ میچوں میں اور بھی بہترین کھلاڑی بن کر واپس آئے گا۔