• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصل آباد کے جلسے میں متنازعہ ریمارکس کے بعد

اسلام آباد (فاروق اقدس/ جائزہ رپورٹ) فیصل آباد کے جلسہ عام میں اپنی تقریر کے دوران پاک فوج کے بارے میں متنازع ریمارکس کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جنہیں ملک بھر میں نہ صرف حکومتی سطح پر بلکہ پاک فوج اور زندگی کے کم وبیش تمام طبقات اور مکتبہ فکر کے لوگوں کی شدید ناپسندیدگی اور احتجاجی ردعمل کا سامنا ہے۔

منگل کو پشاور میں ہونیوالے جلسہ عام میں وہ پہلی مرتبہ متفکر نظر آئے اور تقریر سے قبل سٹیج پر موجود انکے چہرے پر پریشانی اور اضطراب واضح طور پر دکھائی دیتا تھا۔

عمران خان جن کے بارے میں تاثر ہے کہ وہ انتہائی مضبوط اعصاب کی شخصیت ہیں اور مشکل صورتحال میں بھی پرسکون رہنے یا پرسکون رہنے کا تاثر دینے میں کامیاب رہتے ہیں اور خود کو فخریہ طور پر ایک خطرناک شخص قرار دیتے ہیں لیکن پشاور کے جلسہ میں ماضی کے مقابلے میں وہ ایک مختلف شخص نظر آئے۔

انکے چہرے پر روایتی اور مخصوص مسکراہٹ کا فقدان تھا اور چہرے پر غصے، گھبراہٹ اور پریشانی کے آثار واضح اور نمایاں تھے، عمران خان اپنی تقریر سے قبل اضطراری کیفیات میں اپنی کرسی پر بیٹھے بار بار گردونواح کا جائزہ لیتے رہے جو انکا غیر معمولی طرز عمل تھا۔

تقریر کیلئے انکی آمد سے قبل 6 ستمبر کی مناسبت سے یہ ملی نغمہ بھی بجایا گیا ’’اے مرد مجاہد جاگ زرا۔ اب وقت شہادت ہے آیا‘‘۔

اہم خبریں سے مزید