کراچی(ٹی وی رپورٹ) سابق کرکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ سری لنکا نے ایشیا کپ میں باقی ٹیموں سے اچھی کرکٹ کھیلی، عاقب جاوید نے کہا کہ شعیب ملک میں کیا خرابی ہے یا اس سے بہتر کون کھلاڑی مل گیا جو اسے موقع نہیں دیا جارہا، سکندر بخت نے کہا کہ پاکستان بیٹنگ میں مڈل آرڈر کا واضح مسئلہ ہے،وہ جیو نیوز کے پروگرام ”جشن کرکٹ“ میں بات چیت کررہے تھے۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے مزید کہا کہ سری لنکا نے ایشیا کپ میں باقی تمام ٹیموں سے اچھی کرکٹ کھیلی، سری لنکا ایشیا کپ فائنل میں باقاعدہ پلاننگ کے ساتھ ٹیم گیم کھیل کر جیتی ہے، سری لنکا نے 58رنز پر پانچ چھ کھلاڑی آؤٹ ہونے کے باوجود تیزی سے رنز بنائے، سری لنکا کی طرح انگلینڈ اور نیوزی لینڈ بھی وکٹیں گرنے کے باوجود رن ریٹ سلو نہیں ہونے دیتے، پاکستان کے ایک کھلاڑی کے سوا کسی کھلاڑی نے پورے ٹورنامنٹ میں 100رنز نہیں بنائے، پاکستان بیٹنگ کا مسئلہ ٹاپ آرڈر نہیں مڈل آرڈر میں ہے۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ کے متبادل تیار کیے بغیر انہیں ٹیم سے نکال دیا گیا، خوشدل شاہ اور آصف علی پی ایس ایل ٹیموں میں چھٹے ساتویں نمبر پر کھیلتے ہیں، انہیں پاکستان ٹیم میں چوتھے پانچویں نمبر کا بوجھ ڈالیں گے تو نہیں اٹھاسکیں گے، پاکستان ٹیم کیلئے کھیلنا بہت آسان بنادیا گیا ہے، پی ایس ایل میں ایک کھلاڑی دو دفعہ پچاس رنز کرلے اسے پاکستان کھلادیتے ہیں۔ سابق کرکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ سری لنکن ٹیم میں کوئی سپراسٹار نہیں لیکن ٹیم متحد ہو کر کھیلتی ہے، پاکستان ٹیم کی بیٹنگ فائنل چھوڑیں کس میچ میں چلی ہے، شعیب ملک میں کیا خرابی ہے یا اس سے بہتر کون کھلاڑی مل گیا ہے جو اسے موقع نہیں دیا جارہا، تیسرے نمبر پر شان مسعود اور چار نمبر پر شعیب ملک کو کھلاناچاہئے تھا، افتخار احمد، خوشدل شاہ اور آصف علی میں سے ایک کھلاڑی ٹیم میں کھیل سکتا ہے۔