• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خطرے کی گھنٹی ،جڑواں شہروں میں ڈینگی مریض بڑھنے لگے، مزید 189 رپورٹ

اسلام آباد،راولپنڈی ( خصوصی نامہ نگار،اپنے رپورٹر سے، خصوصی رپورٹ) جڑواں شہروں میں ڈینگی مریض بڑھنے لگے، مزید 189 رپورٹ ہو گئے ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 128 افراد ڈینگی کا شکار ہو گئے اور مریضوں کی تعداد 871 تک پہنچ گئی ،ڈی ایچ او ڈاکٹر زعیم ضیاء کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران دیہی علاقوں میں 75 افراد اور شہری علاقوں میں 53 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے۔رواں سیزن میں اب تک اسلام آباد میں 4 افراد جان کی بازی ہار چکےہیں۔اسلام آباد کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریض بڑھنے لگے۔ پولی کلینک میں ڈینگی کے 20 مریض داخل ہیں، پولی کلینک میں ڈینگی وارڈ میں 50بیڈز مختص کیئے گئے ہیں، ہسپتال میں روزانہ ڈینگی کے 200مشتبہ کیسز آنے لگے ہیں۔ ڈینگی کے لئے 24گھنٹے او پی ڈی شروع کر دی گئی ہے۔ دریں اثناء اسلام آباد میں ڈینگی ٹیسٹ کے لیے یکساں ریٹ مقرر کر دئیے گئے، اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی نے تمام نجی ہسپتالوں اور لیبارٹریوں میں ڈینگی ٹیسٹ کا ریٹ 1800 روپے مقرر کیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق نجی ہسپتال اور لیبارٹریاں ڈینگی ٹیسٹ کے ریٹ آویزاں کرنے کی پابند ہوں گی، ٹیسٹ رپورٹ میں مشین، کٹ اور انفرادی پیچ نمبر کا اندراج لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ٹیسٹ کے زائد ریٹ وصول کرنے والے ہسپتال اور لیبارٹری کے خلاف اقدام ہو گا، ہدایت پر عمل نہ کرنے والے ہسپتالوں اور لیبارٹریوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا، لیبارٹریوں یا ہسپتالوں کو سیل کرنے ،جرمانہ یا سزا اور رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی۔ راولپنڈی ضلع میں بھی ڈینگی کے مزید61کنفرم مریض رپورٹ ہوئے جس کے بعد کل تعداد1018 ہوگئی ہے۔نئے مریضوں میں پوٹھوہار ٹائون سے 43، راولپنڈی کینٹ سے سات،چکلالہ کینٹ سے پانچ، میونسپل کارپوریشن راولپنڈی پانچ،ٹیکسلا کینٹ ایک مریض ہیں ۔اس وقت ہسپتالوں میں221 مریض ہیں جن میں سے127ڈینگی کے کنفرم مریض ہیں۔ ایک مریض کی حالت تشویشناک ہے۔
اسلام آباد سے مزید