اسلام آباد( نیوز رپورٹر) اسلام آباد میں طوفانی بارش اور ژالہ باری کے پیش نظر چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سی ڈی اے، اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن (ایم سی آئی) اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں فوری طور پر متحرک کردی گئیں۔ اسلام آباد کی تمام شاہراہوں پر گرے ہوئے درختوں، ملبے اور دیگر رکاوٹوں کو فوری ہٹانے، سڑکوں کی صفائی کے عمل کو تیز کرنے اور ٹریفک کے بہاؤ کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ مرکزی شاہراہوں ، انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی نگرانی کا نظام قائم کیا گیا ہے۔ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال یا شکایت کے لیے سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے ہنگامی نمبرز پر فوری رابطہ کرسکتے ہیں۔