اسلام آباد (نمائندہ جنگ )سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے سب سے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسی ٰ کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر صدارتی ریفرنس کے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلا ف دائر حکومتینظرثانی کی درخواست فوری طور پر واپس لی جائے اور وکلاء پروٹیکشن بل بھی فوری طور پر منظور کیا جائے جبکہ آئین کے آرٹیکل 184(3)کے تحت لئے گئے از خود نوٹس مقدمات میں بھی فریقین کو اپیل کا حق دینے کیلئے قانون سازی کی جائے،سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ہائوسنگ سوسائٹی کے الاٹمنٹ لیٹرز کی تقسیم سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتےہوئےانہوں نے کہاکہ وکلاء برادری آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے،جب بھی ملک میں جمہوری نظام کیخلاف کوئی سازش ہوئی ہے توو کلاء نے اس کا مقابلہ کیا ہے ،سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اورپاکستان بار کونسل سمیت ملک بھر کی تمام وکلاء تنظیموں نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی ہے ،اورآئندہ بھی اگر کسی طالع آزماء نے آئین پر حملہ کیا تو اس کی بالادستی اور تحفظ کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا ۔